ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پر فیکشنسٹ عامر خان پاکستانی چارمنگ ہیرو فواد خان کی نئی آنے والی فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔
پاکستانی ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار فواد خان کی بالی ووڈ میں دوسری فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ نمائش کے لیے تیار ہے جس کے ڈائریکٹر شکون بترا نے فلم کی خصوصی اسکریننگ رکھی جس میں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان سمیت دیگر اداکاروں نے شرکت کی جب کہ فلم کی اسکریننگ کے دوران عامر خان جذباتی مناظر پر اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ فلم کپور اینڈ سنز بہت ہی اچھی فلم ہے جس میں تمام کرداروں نے اپنے کردار میں ڈھل کر اداکاری کی ہے جو قابل تعریف ہے جب کہ فلم بہت ہی جذباتی مناظر پر مبنی ہے جسے دیکھتے ہوئے میں بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور روتا رہا۔
واضح رہے کہ فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ میں لیجنڈری اداکار رشی کپور، فواد خان، سدھارت ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ فلم 18 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔