نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے دہلی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے ) میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے وزیرخزانہ ارون جیٹلی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی کے ترجمان راگھو چڈھا اور پارٹی لیڈر سنجے سنگھ اور کمار وشواس نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں ڈی ڈی سی اے میں ہوئی مبینہ دھاندلی کی تفصیلات منظرعام پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب گھوٹالے 1999 سے 2013 کے درمیان ہوئے اور اس درمیان مسٹر جیٹلی ڈی ڈی سی اے کے صدر تھے ۔پارٹی نے کہا کہ وہ جاننا چاہتی ہے کہ ڈی ڈ ی سی اے جو نیا اسٹیڈیم بنانے کے لئے 24 کروڑ روپے کا بجٹ دیا گیا تھا تو اس کی تعمیر میں ایک لاکھ کروڑ روپے کیسے خرچ کئے گئے ۔ اس کے لئے ایک تعمیراتی کمپنی ای سی آئی ایل کو 57 کروڑ روپئے دئیے گئے باقی کے 57 کروڑ روپئے کہاں گئے ، اس کا کوئی پتہ نہیں ہے ۔ اسی درمیان جس تین کمپنیوں کو ایک کروڑ 55 لاکھ قرض دیا گیا اس کا بھی کوئی ذکر نہیں ہے ۔ جن پانچ کمپنیوں کو الگ سے ٹھیکے دیئے گئے ان کے ای میل ایڈرس، پتہ اور ڈائرکٹر سب ایک ہیں۔یہ بہت بڑی دھاندلی ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ وہ یہ بھی جاننا چاہتی ہے کہ ڈی ڈی سی اے خزانچی نریندر بترا سے آخر مسٹر جیٹلی کے کیا تعلقات ہیں۔ مسٹر جیٹلی کی وجہ سے ہی ڈی ڈی سی اے صرف امیر لوگوں کا کلب بن کر رہ گیا ہے جہاں جانے کے بارے میں غریب بچے سوچ بھی نہیں سکتے ۔شہری ترقی کے مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر وینکیا نائیڈو نے عام آدمی پارٹی کے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر دہلی اسمبلی میں بحث ہونی چاہئے اسے لے کر پارلیمنٹ میں ہنگامہ کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔ غیرواضح الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا جائے گا، واضح الزام لے کر آئیں تو اسی حساب سے جواب بھی ملے گا۔