کانپور (نامہ نگار)عام آدمی پارٹی کی لڑائی بدعنوانی اور فرقہ پرستی کے خلاف ہے۔ پارلیمانی انتخاب میں حیران کن نتائج سامنے آئیں گے عام آدمی پارٹی کی مقبولیت سے پریشان بی جے پی وکانگریس غلط حرکات پر اترآئے ہیں۔کانپور میں کانگریس کارکنان کے ذریعہ عام آدمی پارٹی کے کارکنان کو خوفزدہ کیا جارہاہے جس کی شکایت ضلع مجسٹریٹ سے کی گئی ہے۔دوسری جانب بنارس میں بی جے پی عام آدمی پارٹی کارکنان پر حملہ کرکے انہیں خوفزدہ کررہی ہے۔ دونوں پارٹیوں کے لیڈروں کو عوام جواب دیں گے۔ ۱۶؍مئی کے بعد دونوں پارٹیاں چوراہے پر کھڑی نظر آئیں گی ۔ مذکورہ باتیں عام آدمی پارٹی کے لیڈر آسوتوش نے سول لائنس میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے کہیں۔ وہ عام آدمی پارٹی کے پارلیمانی امیدوار ڈاکٹر محمود رحمانی کی حمایت میں روڈ شو کرنے کے لئے کانپور آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی تری مورتی مودی کے آگے سرنگوں ہوگئی ہے۔ پرنٹ والیکڑانک میڈیا پر دس ہزار کروڑ روپئے خرچ کرکے بی جے پی کے ذریعہ اسے بھی خرید لیا گیا ہے۔پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کو بی جے پی کے ذریعہ یرغمال بنالیا گیا ہے۔ یہ پورا کھیل مودی صنعتی گھرانوں کے ساتھ مل کر کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی کوئلہ وزیر بدعنوانی کے ہیروہیں اس لئے انہیں
جیل میں ہوناچاہئے۔انہوں نے کہا کہ مودی گجرات ماڈل کا جواب آج تک نہیں دے پائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ملک ایک لاکھ ۷۵ہزار کروڑ روپئے کے قرض میں کیوں ڈوبا ہواہے؟ گجرات کا ہر شخص ۲۴ہزار روپئے کا قرضدار ہے۔ گجرات میںکسان خودکشی کررہاہے۔دوسری جانب بچوں کی شرح اموات گجرات میں ۱۷ویں نمبر پر ہے جہاں کم غذائیت کے سبب سب سے زیادہ بچوں کی موت ہوتی ہے۔ آسوتوش نے کہا کہ مودی نے گجرات میں ۵۰لاکھ گھر تعمیر کرانے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن ایک بھی گھر غریب کے لئے نہیں بنائے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے آنے سے دونوں پارٹیاں خوفزدہ ہیں۔کانگریس کے ۵۷سال کے اقتدار میں مسلمان آج بھی پسماندہ ہیں۔ملک کے مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بھی بد تر ہے جس کا خلاصہ سچر کمیٹی کی رپورٹ میں ہوچکا ہے۔ اسی لئے عام آدمی پارٹی نے عام آدمی کی آواز کو اٹھانے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک تبدیلی کا خواہاں ہے۔۱۶؍مئی کے بعد ملک کی پارلیمنٹ کی تصویر بدلی ہوئی نظرآئے گی۔