نئی دہلی، 14 جنوری (یو این آئی)عام آدمی پارٹی کے نیشنل ایگزی کیوٹیو کے ممبر اور بہار امور کے انچارج اجیت جھانے ہمہ جہت ترقی کے لئے ملک کی اس روایت کو آگے بڑھانے پر زور دیا جس کی پیداوار گاندھی جی، مولانا آزاد، مولانا مظہر الحق تھے جو کسی ذات ، مذہب یا علاقہ کے لیڈر نہیں تھے بلکہ وہ ملک کے لیڈر تھے۔ یہ بات انہوں نے اہم مسلم شخصیات کے ساتھ ایک میٹنگ میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کو ایسے کارکن اور لیڈر کی ضرورت ہے جو کسی ذات، مذہب یا علاقہ کا لیڈر نہ ہو بلکہ وہ پورے سماج کا لیڈر ہو اور سماج کے ہر طبقے کے ساتھ چلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے کسی خاص طبقے کے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے سے گریز کیا ہے۔انہوں نے آپ میں مسلمانوں کی شرکت کی اپیل کے ساتھ کہا کہ ہم کسی شناخت کے ساتھ نہیں چلنا چاہتے اور نہ ہی ہم ہندو یا مسلمان کی بات کرتے ہیں بلکہ انسانیت اور تمام لوگوں کی بات کرتے ہیں اور جب عام لوگوں کے مسائل ہوں گے تو مسلمانوں کے مسائل بھی خود بخود حل ہوجائیں گے۔برابڑی سے آپ کے ممبراسمبلی سنجیو جھا نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں یہ احساس 2011 میں ہوگیا تھا کہ ڈیڑھ سال تو ڈیڑھ سو سال بھی اگر جدوجہد کرتے رہے تو سسٹم کو نہیں بدل سکتے اگر اسے بدلنا ہے تو سسٹم کے اندر گھسنا ہوگا۔ یہی نظریہ ہمیں سیاست میں آنے پر مجبور کیا۔