کانپور (نامہ نگار)یوم جمہوریت کے موقع پر ہندوستانی انسانی حقوق ایسوسی ایشن نئی دہلی کے زیر اہتمام عام آدمی پارٹی کے قومی صدر ودہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی پالیسیوں سے متاثر ہوکر تنظیم کے قومی صدر چندرونشی کی اپیل پر کانپور شہر کے سات مقامات پر انسانی حقوق بیداری مہم وعام آدمی پارٹی کی مفت رکنیت سازی کے لئے کیمپ لگایا گیا، جس کا افتتاح تنظیم کے ضلع صدر انل شرمانے منطقائی دفتر روپم ٹاکیج چوراہے پر کیا۔
اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے کنوینر یوگیش شریواستو اور سکریٹری بھرت راج یوگی نے دیونگر و لاٹوش روڈ پر لوگوں کو عام آدمی کی پالیسیوں سے روشناس کرایا ۔ اس کے علاوہ ہیرا منکا پوروا، درشن پوروا، ہرجندر نگر ، گجینی پر عام لوگوں نے پارٹی کے قومی صدر ودہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ملک کے آئندہ وزیر اعظم کے طور پر دیکھنے کی خواہش کی۔ پارٹی کے عہدیداران نے اس موقع پر عام آدمی پارٹی کی ٹوپیاں تقسیم کیں۔پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے کے لئے لوگوں کا جم غفیر ساتوں مقامات پر موجود تھا۔کیمپ میں حافظ محمد ارشاد نیاز احمد ، دانش ، شاداب، سرتاج، انل گپتا، سنیل گپتاوغیرہ موجود تھے۔