لکھنؤ:راجدھانی کے عجائب گھر میں آنے والے شائقین اب ہمالین بھالو کا دیدار کرسکیںگے ۔ یہاں ہمالین کالے بھالو کا ایک جوڑا لایاگیاہے ۔ ہمالین نیچر پارک سے لائے گئے بھالو نر کا نام منگل ہے جس کی عمر بارہ سال ہے اور مادہ بھالو کا نام ششما ہے جس کی عمر ۱۳ سال ہے ۔ عجائب گھر میں ہمالین کالا بھالو پہلے سے ہے جس کی عمر تقریباً ۳۰ سال ہوچکی ہے ۔ نواب واجد علی شاہ عجائب گھر کی ایک ٹیم ہمالین نیچر پارک کفری شملاگئی تھی ۔ واپس آنے پر ٹیم اپنے ساتھ بھالو کا جوڑا اور کلیج فیجینٹ چڑیا بھی لیکر آیاہے ڈائریکٹر عجائب گھر انوپم گپتا نے بتایا کہ یہ چڑیا بہت ہی نادر ہے اور عجائب گھر میں فیجینٹ ایک بھی نہیں تھا اور یہ شائقین کیلئے ایک نیا تجربہ ہوگا ۔ ہمالین کالے بھالوکی خصوصیت ہے کہ وہ تقریباً ۸۰ سے ۲۰۰ کلوگرام تک ہوتے ہیں اور ان کی عمر تقریباً ۳۰سے ۴۰ سال ہوتی ہے ۔ یہ ہمالین علاقہ میں ۵ سے ۱۲ ہزار فٹ کی اونچائی تک کشمیر اور آسام میں رہتے ہیں۔