حیدرآباد: کامیابی ملتے ہی دھڑا دھڑ فلمیں سائن کرنا ہر اداکارہ کا خواب ہوتا ہے لیکن شروتی ہاسن کے لئے شہرت حاصل کرنے کے باوجود بھی اس خواب کو پورا کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے جس کی وجہ ان کیخلاف آنے والا ایک عدالتی فیصلہ ہے۔ حیدرآباد کی ایک عدالت نے بالی وڈ پروڈیوسر کی جانب سے شروتی ہاسن کیخلاف حیدرآباد کی ایک عدالت میں دائر مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے شروتی ہاسن پر یہ پابندی عائد کی ہے۔ دراصل شروتی نے مذکورہ فلم پروڈیوسر کے ساتھ وعدہ ایفا نہ کیا تھا اور فلم کا معاہدہ کرنے اور تاریخیں دینے کے بعد فلم کی شوٹنگ سے انکار کر دیا تھا۔ شروتی کا دعویٰ تھا کہ تاریخوں کے ٹکراؤ کی وجہ سے وہ یہ فلم نہیں کریں گی۔ اس بارے میں عدالت نے کہا ہے کہ شروتی۸ اپریل تک اس فلم کی شوٹنگ مکمل کروائیں جس کے بعد ہی انہیں کسی دوسری فلم کو سائن کرنے کی اجازت مل سکے گی۔ اس بارے میں پروڈکشن ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شروتی کو پہلے ہی یہ پیشکش کی گئی تھی کہ فلم کی شوٹنگ بیس دن کے بجائے۱۲دن میں ختم کر لیتے ہیں تاہم شروتی نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔