نئی دلی: پاکستان نے بھارت میں مقیم گلوکار عدنان سمیع کو ان کے وطن عزیز کے لئے تضحیک آمیز رویے پر شہریت کی منسوخی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدنان سمیع کئی برسوں سے بھارتی شہریت کے حصول کے لئے سرگرداں ہیں لیکن قانونی طور پر اس کے لئے انہیں پاکستانی شہریت سے دستبردار ہونا ہوگا۔ عدنان سمیع نے شہریت کی تنسیخ کے لئے نئی دلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے وزارت داخلہ سے رجوع کیا تھا۔ اپنے خط میں انہوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کو سبز پاسپورٹ لوٹاتے ہوئے تضحیک آمیز انداز میں کہا تھا کہ اب انہیں اس کی ضرورت نہیں رہی۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے عدنان سمیع کو کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانی تقدس کی پامالی کے مرتکب ہوئے ہیں، انہیں اپنے رویے پر غیر مشروط معافی مانگنی ہوگی، بصورت دیگر انہیں شہریت کی تنسیخ کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا، دوسری جانب وزارت داخلہ نے بھی کہا ہے کہ جو شخص پاکستانی دستاویزات کا تقدس نہیں رکھتا اسے سرٹیفکیٹ کیسے جاری کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے گزشتہ ماہ عدنان سمیع کو شہریت دینے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارت میں انہیں بے انتہا محبت، خلوص اور گرم جوشی ملی ہے اور پوری دنیا میں لوگ انھیں بھارتی فنکار کے طور پر جانتے ہیں۔ اسی وجہ سے انہوں نے بھارتی شہریت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔