عراق کے شہر موصل پر امریکہ کے جنگی طیاروں کے حملے میں درجنوں عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
المیادین نیوز چینل کے مطابق عراق کے شہر موصل کے الزھور نامی رہائشی علاقے پر امریکہ کے جنگی طیاروں کے حملے میں بیس عام شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ادھر عراق کی حزب اللہ بٹالین نے بھی اعلان کیا ہے کہ داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے جنگی طیاروں نے فلوجہ کے جنوب میں واقع ایک عراقی فوجی اڈے پر بھی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل عراقی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی کمیشن کے رکن حاکم الزاملی نے انکشاف کیا تھا کہ قطر، سعودی عرب اور بحرین کے دو دو پائلٹوں نے داعش سے ٹیلیفونی گفتگو کی ہے اور انہیں ایسی معلومات فراہم کیں جو عراقی فوج پر حملے کا سبب بنیں۔ انہوں نے صوبہ الانبار کے شہر النخیب میں، بین الاقوامی اتحاد میں شامل ہونے کے بہانے سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی جانب سے عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی بھی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ آ ئندہ عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے سعودی طیاروں کو مار گرایا جائے گا۔