عراقی پارلیمنٹ کے دفاع اور سلامتی کے کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ عراق ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں وسیع تعاون کا خواہاں ہے۔
عراقی پارلیمنٹ کے دفاع اور سلامتی کے کمیشن کے سربراہ حاکم الزاملی نے اپنے دورہ ایران سے قبل ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی جیسے مشترکہ خطرات کا سامنا ہے، جس سے مقابلے کے لئے ایران اور عراق کی پارلیمنٹ کے تعلقات اور تعاون میں فروغ کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کا ایک واحد مقصد، علاقے میں امن و امان کی بحالی ہے جبکہ اس کے مشترکہ دشمن بھی ہیں۔ حاکم الزاملی نے داعش دہشت گرد گروہ اور عالمی سامراج کو ایران اور عراق کا مشترکہ دشمن قرار دیا۔ عراقی پارلیمنٹ کے سلامتی اور دفاع کے کمیشن کے سربراہ نے اس انٹرویو کے دوران دہشت گردی کے بارے میں علاقے کے بعض ممالک کی دہری پالیسی پر بھی شدید الفاظ میں تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران سمیت بعض ممالک عراق میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں عراقی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ بعض ہمسایہ عرب ممالک، دہشت گردوں کے سرپرست بنے ہوئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ حاکم الزاملی بہت جلد ایران کا دورہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے میں دہشت گردی جیسی مشکلات اور مسائل سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے طور طریقوں پر ایرانی اعلی عہدے داروں کے ساتھ گفتگو کی جائے گی۔