ایران کی وزارت داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق وشام”داعش”میں شمولیت کے لیے عراق جانے والے پاکستان اور افغانستان کے متعدد شہریوں کو تہران میں گرفتار کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی”ایرنا” کے مطابق وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے اپنے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے کچھ لوگوں نے ایران کے راستے عراق میں دولت اسلامیہ میں شمولیت کے لیے جانے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔
تاہم ایرانی وزیر نے حراست میں لیے گئے غیر ملکی شہریوں کی تعداد اور گرفتاری کے مقام کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔ رضا رحمانی کا کہنا ہے کہ ہمارے سیکیورٹی ادارے سرحدوں پر چوکس ہیں اور دہشت گرد گروپوں سے کامیابی سے نمٹ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایران کی مشرق کی سمت میں سرحدیں پاکستان اور افغانستان سے ملتی ہیں جبکہ مغربی سرحد پر عراق واقع ہے۔ ماضی میں بھی ایران کے راستے افغان جنگجوؤں کی مشرق وسطیٰ روانگی کی خبریں منظر
عام پر آتی رہی ہیں۔