فل کلے نے تخلیق ادب میں تعلیم حاصل کرنے سے قبل عراق جنگ میں اپنی خدمات دی تھیں
امریکی بحریہ کے ایک سابق فوجی فل کلے کو ان کی کتاب ’ری ڈیپلوئمنٹ‘ کے لیے باوقار وارک پرائز فار رائٹنگ سے نوازا گیا ہے۔
ان کی کتاب کا موضوع عراق کی جنگ کے دوران امریکیوں کے تجربات پر مبنی واقعات اور ان کے تاثرات ہیں۔
سابق فوجی فل کلے کی مختصر کہانیوں پر مبنی کتاب ’ری ڈیپلوائمنٹ‘ کو سنہ 2015 میں یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کی انعامی رقم 25 ہزار پاؤنڈ ہے۔
اس کتاب میں عراق میں ہونے والی جنگ کےاثرات کا ایک فوجی اور اس سے متعلق دیگر افراد کی نظر سے تجزیہ کیا گیا ہے۔
انعام دینے والی جیوری کی اعلیٰ جج، مصنف اے ایل کینیڈی کا کہنا ہے کہ یہ ’ایک انتہائی اثر انگیز کتاب ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’اس کتاب کے مصنف نے اپنے منفرد انداز بیان میں نزاکت اور جزئیات کا بھرپور خیال رکھا ہے اور ان کو کہانی کے کرداروں کی نفسیات اور ان کے اظہار کو الفاظ میں ڈھالنے پر قدرت حاصل ہے۔
’مصنف نے اپنی معلومات کی بنا پر، مختلف لوگوں کے وسیع تجربات اور اپنی ذاتی معلومات کو جمع کرکے ایک جیتے جاگتے فکشن کی شکل دے دی ہے۔ ری ڈیپلوئمنٹ میں ہمارے عہد کے اہم تنازعات میں سے ایک کوانتہائی صاف گوئی اور شائستگی کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔
’ہمیں خوشی ہے کہ ہم فل کلے کو یہ انعام دے رہے ہیں۔‘
فل کلے نے اپنی کتاب میں عراق کی جنگ میں شامل ایک فوجی کی غمزدہ بیوی، ایک فوجی پادری اور وہاں جنگ لڑنے والے فوجیوں کے تجربات اور ان کے تاثرات کو قلمبند کیا ہے۔
کتاب کے مصنف خود بھی تخلیقی ادب کی تعلیم حاصل کرنے سے قبل عراق کی جنگ میں حصہ لے چکے ہیں۔
امریکی صدر براک اوباما نے اس کتاب کے بارے میں کہا ہے کہ ’ری ڈیپلوئمنٹ میں عراق کی جنگ میں حصہ لینے والے ایک عام فوجی کے تجربات کی درد ناک کہانیاں بہت اثر انگیز اور طاقت ور ہیں۔‘
ادب کا وارک پرائز، یونیورسٹی آف وارک کی جانب سے ہر دو سال بعد انگریزی زبان میں مختلف موضوعات پر کسی نمایاں تحریر کو دیا جاتا ہے۔ اس سال انعام کے لیے موضوع انسٹنکٹ یعنی جبلت یا فطرت تھا۔
یہ ایک بین الاقوامی اورکثیر الجہتی ایوارڈہے، جو ادب کی ہر صنف کا احاطہ کرتاہے۔
اس ایوارڈ کے لیے دیگر نامزدگیوں میں کیرن جوائے فلاور، ریبیکا گوس، کارل اوو ناسو گارڈ، میریلین رابنسن، اور مارک وان ہونیکر کی تصانیف شامل تھیں۔
یہ ایوارڈ وارک یونیورسٹی کے چانسلر سر رچرڈ لامبرٹ کی جانب سے منعقد ایک تقریب میں دیا گیا۔