اطلاعات کے مطابق یہ خود کش بم حملہ اس وقت ہوا جب متعدد افراد اس علاقے میں واقع ایک شیعہ مزار کی جانب جا رہے تھے
عراق میں حکام کے مطابق دارالحکومت بغداد میں ایک خود کش کار بم حملے میں کم سے کم 21 افراد ہلاک ہو گئے۔
عراق کے ضلع خدیما میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے اس خود کش بم حلے میں ہلاک ہونے والوں میں 13 عام شہری بتائے جا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ خود کش بم حملہ اس وقت ہوا جب متعدد افراد اس علاقے میں واقع ایک شیعہ مزار کی جانب جا رہے تھے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے ہلاک ہونے والوں میں کم سےکم پانچ پولیس اہکار بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ عراقی حکومت کو گذشتہ مہنیوں کے دوران دولت اسلامی عراق و شام (داعش) کے شدت پسندوں کا سامنا ہے۔
داعش کے جنگجوؤں نے گذشتہ ماہ عراق کے دوسرے بڑے شہر موصل پر قبضہ کر لیا تھا۔
داعش نے رواں ماہ پانچ جولائی کو شام اور عراق میں اپنے کنٹرول والے علاقوں میں ایک اسلامی مملکت یا خلافت اسلامیہ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے پہلے دو جولائی کو ابوبکر البغدای نے ایک آڈیو پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں سے عراق اور شام ہجرت کر کے اسلامی ریاست کی تعمیر و تشکیل میں تعاون کی اپیل کی تھی۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ عراق میں جاری ’تشدد اور انتہا پسندی‘ میں گذشتہ ماہ میں 2417 عراقی مارے گئے ہیں، اس میں سے 1531 عام شہری ہیں۔