ایرانی خبر رساں ایجنسی’’فارس‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب کے بیرون ملک عسکری کارروائیوں کے ذمہ دار ایلیٹ القدس بریگیڈ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی ان دنوں عراق میں دولت اسلامی ’’داعش‘‘ کے خلاف جاری کارروائی میں عراقی فوج کی کمان کر رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ امریکا اوراس کے اتحادی ابھی تک دولت اسلامی کا کچھ نہیں بگاڑ سکے ہیں۔ ان سے زیادہ کامیابیاں خود عراقی فورسز نے داعش کے خلاف حاصل کی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عراقی قوم کو امریکا اور اس کے اتحادیوں پر نہیں بلکہ اپنی ہی فوج پر زیادہ اعتماد ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’’القدس فورس‘‘ عراق میں سیکیورٹی فورسز کو لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ داعش کے خلاف جاری جنگ میں
مشاورت بھی فراہم کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی اتحادی فورسز موصل ڈیم داعش سے واگذار کرانے کے علاوہ کردوں کی اور کچھ بھی مدد نہیں کر سکی ہیں۔ کرد اب بھی واشنگٹن اور اس کے اتحادیوں کی طرف دیکھ رہے کہ وہ عراق سے علاحدگی کے ان کے خواب کو کب پورا کریں گے۔