کرک، 21 دسمبر (رائٹر) عراق کے شمالی حصے میں کل بم دھماکوں اور فائرنگ میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 24 دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس اور میڈیکل ذرائع نے بتایا کہ راجدھانی بغداد سے 170 کلو میٹر شمال خرماتو شہر میں سڑک کے کنارے دو بم دھماکے ہوئے۔ اس واردات میں 9 افراد ہلاک اور 24 دیگر زخمی ہوگئے۔ایک دیگر واقعہ میں بغداد 210 کلو میٹر شمال میں واقع حفیظہ شہر میں انتہاپسندوں نے دو گھروں میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس میں کم از کم 5 افراد مارے گئے۔ حملے کے بعد وہاں سے جانے سے قبل حملہ آورو ں نے بم دھماکہ کرکے گھروں کو اڑا دیا ۔ حفیظہ میں گزشتہ کچھ عرصہ سے سنی گروپوں کے درمیان ایک دوسرے پر بالا دستی حاصل کرنے کے لئے لڑائی چل رہی ہے۔مقامی حکام کا خیال ہے کہ یہ حملہ اسی لڑائی کا نتیجہ تھا۔ فوری طور پر کسی بھی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ تشدد کے بدترین دور سے دوچار عراق نے گزشتہ جمعرات کو بھی دہشت گردانہ حملوں میں کم از کم 36 افراد مارے گئے تھے۔