عراق کے نائب صدر نوری مالکی نے عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے نفوذ کو عراق اور شام کے خلاف مشترکہ سازش قرار دیا- نوری مالکی نے کہا کہ خطے کے عرب ممالک کو دہشت گردی کی حمایت سے دستبردار ہو جانا چاہۓ- عراقی نائب صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی عراق کی سرحدوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ بہت جلد دوسرے ممالک کی سلامتی کے لئے بھی خطرہ بن جائے گی-
نوری مالکی نے عراق کی دینی قیادت کی جانب سے دہشت گردی کے مقابلے کی اپیل پر عوامی رضاکار فورس تشکیل دیئے جانے کا خیر مقدم کیا- نوری مالکی نے کہا کہ عراق کی اسلامی استقامت اور عوامی رضاکار فورس کی حمایت کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی طاقتوں کی سازشیں نقش بر آب ہو گئیں- نوری مالکی نے کہا کہ یہ ملکی اور غیر ملکی طاقتیں اپنی سازشوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے دہشت گرد گروہ داعش کو استعمال کرتی ہیں- دوسری جانب صلاح الدین کے عمائدین کی کونسل کے نائب سربراہ وہاب علی العنزی نے اسپائیکر فوجی چھاؤنی میں سیکڑوں نہتے عراقی فوجیوں کے قتل عام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وحشیانہ اقدام سعودی عرب کے انتہا پسند اور تکفیری مفتی محمد فیصل المجذومی کے فتوے کی بنیاد پر انجام دیا گیا-