بارہ بنکی (نامہ نگار)زمینی جھگڑے میں ساس سسر کے ذریعہ اپنی بہو پر مٹی کا تیل ڈال کر زندہ جلاکر مارڈالنے کی کوشش کی گئی تھی۔واردات میں شدید طورسے جھلسی خاتون کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔مرنے سے قبل متاثرہ نے تحصیلدار سرولی غوث پور کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس کے خسر اور ساس نے اس پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگاکر جان سے مارنے کی کوشش کی تھی۔ موصولہ خبر کے مطابق مسولی تھانہ علاقہ کے سعادت گنج قصبہ کے باشندے محمد نسیم کی بیوی سائنہ (۳۰)کا جھگڑااپنے خسر سمیع کے ساتھ جائیداد کی تقسیم کے سلسلہ میں ہورہاتھا۔سائنہ گھریلو کاموں میں مصروف تھی اسی دوران اس کی ساس اورخسر نے مٹی کاتیل ڈال کر آگ لگادی۔گاؤں کے لوگوں نے آگ پر قابو کرنے کے بعد سائنہ کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا۔ حادثہ کے وقت سائنہ کا شوہر نسیم گھر پر موجود نہیں تھا اور وہ آم کے باغ کی نگرانی کررہاتھا۔اطلاع ملنے کے بعد اسپتال پہنچ کر سائنہ کے شوہر نے بتایا کہ اس کی سوتیلی ماں کا جائیداد کی تقسیم کے سلسلہ میں جھگڑاہے اس کی غیر موجودگی میں والدین نے اس واردات کو انجام دیا۔شدید طورسے جھلسی سائنہ کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔