کانپور۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے ریاستی پرچارکوں کی سالانہ میٹنگ کا آج پہلا دن ہے۔ 11 جولائی سے 15 جولائی تک چلنے والی اس ملاقات کے لئے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت اور بھیا جی جوشی سمیت تقریباً 41 صوبوں کے پرچارک ایک دن پہلے ہی کانپور پہنچ گئے تھے۔ اس درمیان، آر ایس ایس کی میٹنگ میں شامل ہونے آئے بھاگوت سے آل انڈیا سنی علماء کونسل نے ملنے کا وقت مانگا ہے۔
آر ایس ایس کی یہ میٹنگ کانپور کے مہارانا پرتاپ انجینئرنگ کالج میں ہو رہی ہے۔
علماء کونسل کے لوگوں نے ایک خط بھی آر ایس ایس کے کارکنوں کو دیا ہے۔ اس خط کے ذریعے کونسل نے آر ایس ایس سربراہ سے کچھ سوال بھی پوچھے ہیں۔ اس میں سب سے پہلا سوال ہے کہ آپ ہم مسلمانوں سے کیسی حب الوطنی چاہتے ہیں؟ دوسرا سوال ہے کہ مذہب تبدیلی پر آر ایس ایس کا کیا خیال ہے؟ علماء نے تیسرا سوال کیا ہے کہ آپ اسلام کے بارے میں کیا جانتے سمجھتے ہیں؟ چوتھا سوال ہے کہ آر ایس ایس کیا ملک کو ہندو راشٹر بنانا چاہتا ہے؟ کونسل کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم بھاگوت جی سے مل کر ملک کے موجودہ حالات پر بحث کرنا چاہتے ہیں۔