لکھنؤ (نامہ نگار)دختر رسولؐ کے یوم ولادت کے پرمسرت موقع پر جمعہ کے روز شہر میں مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا۔جماعت جعفری، ادارئے مقصدحسینی ، وقف مسجد مرتضوی کمیٹی کی جانب سے الگ الگ مقامات پر پروگرام کا اہتمام کرکے دختر رسولؐ کی تعلیمات پر عمل پیراہونے کی تلقین کی گئی۔
حضرت فاطمہ زہرا ؐکے یوم ولادت کے سلسلہ میں کشمیر محلہ واقع مقصد حسینی سوسائٹی کے زیراہتمام سہ پہر ۴بجے ایک محفل نور کا اہتمام کیا گیا اس موقع پرادارہ مقصد حسینی کے تحت چلنے والے مدارس کے سالانہ امتحان میں کامیاب طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے
جلسہ تقسیم اسناد منعقد ہوا۔جلسہ میں کشمیر محلہ واقع مدرسہ سرکار حسینی ، نورباڑی واقع مدرسہ مدینۃ العلم ، مفتی گنج واقع مدرسہ صغریٰ ، اور وکٹوریہ اسٹریٹ، افضل محل واقع مدرسہ البقیع کے کامیاب طلباء و طالبات کومیڈل، شیلڈ،سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔
پروگرام کا آغازتلاوت کلام ربانی سے ہواجبکہ تقریب کی صدارت آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر مولانا سید کلب صادق نے کی جبکہ ڈاکٹر حیدر مہدی نے پروگرام کی نظامت کی۔ ناظم جلسہ نے تمام مہمانوں کاتعارف کرایا۔پروگرام میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے پنجاب نیشنل بینک کے سینئر منیجر کے پی سنگھ نے شرکت کر کے بچوں کو انعامات سے سرفراز کیاجبکہ مہمان ذی وقار کی حیثیت سے مولانا تسنیم مہدی نے شرکت کی۔
اس موقع پر مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق نے کامیاب طلباء و طالبات کے روشن مستقبل کی دعا کرتے ہوئے علم کی اہمت وافادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جہالت انسان کی زندگی میں تاریکی کے سوا کچھ نہیں ہے جبکہ علم انسان کو ایک مکمل انسان بناتے ہوئے اس کی کامیاب زندگی کا ضامن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم سے جہالت اور غربت کو دور کرنا بہت ضروری ہے کیوں کہ پرودگار عالم کو جہالت اور غربت پسند نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر جہالت اور غربت دونوں کی موجودگی اسلام سے دوری اختیار کرنے کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام افراد کو چاہئے کہ وہ ایک دوسرے کی مدد کریں چاہے وہ جس مقدار میں ہو قلیل رقم کو نہیں دیکھنا چاہئے بلکہ جذبہ کو دیکھنا چاہئے۔
بعد خطابت مولانا ڈاکٹرسید کلب صادق نے مدرسہ کے طلباء و طالبات کو انعامات سے نوازا اس کے بعد انہوں نے ادارہ کے نئے مدرسہ امام القائم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر مولانا رضا حسین نے بتایا کہ یہ مدرسہ بچوں میں دینی اور دنیاوی دونوں ہی تعلیم فراہم کرے گا اور انٹر میڈیٹ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد بچوں کے رجحان کے مطابق آئندہ کی تعلیم کی ذمہ داری بھی انجام دے گا۔
تقریب میں مولانا تسنیم مہدی، مولانا زوار حسین ، مولانا رضا حسین جرولی کے علاوہ مولانا سید فیروز حسین، مولانا سرکار حسین، مولانا سید محمد حسین، مولانا اختر حسین، مولانا موسیٰ رضوی، مولانا حسنین باقری، مولانا احتشام،مولانا سہیل واسطی اور مولانا سہیل افتخاری نے سیرت حضرت جناب فاطمہ زہراؐ کی تعلیمات پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔
پروگرام میں خصوصی طور سے مولانا محمد مرتضی پاروی زرتاج رضوی، ڈاکٹر عارف، شمسی میاں، یوسف زیدی، جون میاں، شاذ رضوی کے علاوہ کثیر تعداد میں معززین شہر نے شرکت کر کے صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہراؐ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے مولانا رضاحسین رضوی قمی نے ادارہ کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کامیاب طلباء و طالبات کے روشن مستقبل کی دعا کرتے ہوئے تمام مہمانوں و شرکائے جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔
جماعت جعفری کی جانب سے حسین آبادواقع چھوٹے امام باڑے کے پاس لوگوں کو مفت چشموں کی تقسیم کی گئی۔ اس دوران ڈاکٹر علی ظہیر ،ریحان رضوی اور مظہر حسین سمیت کافی تعداد میں لوگ موجودتھے۔ نخاس واقع اودھ پوائنٹ پر انجمن ہائے ماتمی کی جانب سے محفل اور دسترخوان کا اہتمام کیا گیا۔ محفل کو مولانا یعسوب عباس نے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ کے سیرت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا مرزا محمد اطہر ،مولانا صائم مہدی، مولانا زاہد احمداور حیدر نواب جعفری وغیرہ خصوصی طور پر موجود تھے۔ رکاب گنج کے نہرو کراس واقع مسجد مرتضوی میں دسترخوان اور لنگر کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں لوگوں نے نذر میں شرکت کی اور دعائیں مانگیں۔