لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ علی گنج علاقہ میں رہنے والے گوشت کی دکان پر ملازم کے لاپتہ معصوم بیٹے کی لاش منگل کی صبح گھر کے نزدیک ہی ایک کوڑے دان میں ملی۔ اس معاملہ میں ماں کی تحریر پر نامعلوم افراد کے خلاف پولیس نے قتل کی رپورٹ درج کر لی ہے۔
علی گنج کے بنارسی ٹولہ تاتارپور میں ایک جھونپڑی میں گوشت کی دکان پر کام کرنے والا نہال (فرضی نام)رہتا ہے۔ نہال کے کنبہ میں بیوی نیہا (فرضی نام) اور چار بیٹے ہیں۔ نہال اور نیہا باہمی تنازعہ کے سبب کافی عرصہ سے الگ رہتے ہیں۔ نیہا کے ساتھ اس کے بچے دکانوں پر کام کرتے ہیں اور نیہا بھی معمولی کام کر کے گزر بسر کرتی ہے، دو شنبہ کی شام نیہا کا سب سے چھوٹا بیٹا ۷ سالہ سونو (فرضی نام) گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک
غائب ہو گیا۔ کچھ دیر تک گھر کے لوگوں کوایسا محسوس ہوا کہ وہ شاید قریب ہی موجود ہوگا، کافی دیر بعد بھی جب سونو گھر نہیں پہنچا تو گھر کے لوگوں نے اس کی تلاش شروع کی لیکن کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ پوری رات سونو کی ماں نیہا اور بھائی اس کو تلاش کرتے رہے۔ منگل کی صبح جب کچھ عورتیں ہائیڈل کالونی کے نزدیک رکھے کوڑے دان پر کوڑا جمع کرنے پہنچیں تو ان کی نظر وہاں ایک بچے کی لاش پر پڑی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر نیہا اور گھر کے لوگ بھی پہنچ گئے۔ ان لوگوں نے جب کوڑے دان میں دیکھا تو لاش معصوم سونو کی تھی۔ سونو کے جسم پر ایک بھی کپڑا موجود نہیں تھا۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر علی گنج پولیس بھی پہنچ گئی اور تفتیش کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ دیر شام ملی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں معصوم سونو کے ساتھ غیر فطری فعل کے بعد قتل کئے جانے کی تصدیق ہوئی۔ پولیس کچھ لوگوں کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
نہیں ملے کپڑے و چپل:-نیہا کی جھونپڑی سے ۰۱۱ میٹر کے فاصلہ پر واقع جدید کوڑا گھر میں معصوم سونو کی لاش برہنہ حالت میں پڑی تھی۔ لاش کو پتوں اور کوڑے سے ڈھکا گیا تھا۔ اس کے کپڑے اور چپل گھر والوں اور پولیس کو کہیں نہیں مل پائے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ لاش پھینکنے والے نے کوڑا گھر کے چھوٹے شٹر کو بھی نیچے گراکر بند کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش دیر رات وہاں پھینکی گئی ہے۔ منگل کو لاش ملنے کے بعد گھر والوں نے کئی جگہ سڑک پر رکھے بڑے ڈسٹ بن اور کوڑے کے ڈھیر میں اس معصوم سونو کے کپڑوں اور چپل کی تلاش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ معصوم سونو کے گھر والے اور پولیس اس بات کو مان رہے ہیں کہ قتل میں کوئی شناسہ ہی شامل ہے کیونکہ معصوم سونو بغیر کسی شناسہ کے ساتھ گھر سے اتنی دور تنہا کبھی نہیں جاتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معصوم سونو کو شاید کوئی بہانے سے بلا لے گیا اور پھر اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کیلئے اس کا قتل کر دیا۔