لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کی حصولیابیوں کو گھر -گھر تک پہنچانے کیلئے پارٹی کی ۲۳؍فروری سے جنتر منتر نئی دہلی سے روانہ تین سائیکل ریلیاں ورنداون، علی گڑھ اور مرادآباد پہنچ گئیں ۔ سائیکل ریلی کی تینوں ٹیمیں الگ الگ راستوں پر سماج وادی پارٹی کی حصولیابیوں پر نغموں کے ساتھ پیش کرتے ہوئے یہاں پہنچیں۔ لال شرٹ، ہری پینٹ اور لال ٹوپی پہنے ہوئے ہزاروں نوجوان جوش کے ساتھ جن راستوں سے گزر رہے تھے وہاں دونوں جانب کھڑے لوگوں خاص طور سے نوجوان وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور ملائم سنگھ یادو زندہ آباد کے نعرے لگا رہے تھے۔ سائیکل ریلی کی قیادت سنیل یادو، ابھیشیک سنگھ، ادے ویر سنگھ اور دوسری ٹیم کی قیادت پردیپ تیواری،محمد عباد اور ڈاکٹر راج پال کشیپ اور تیسری ٹیم کی قیادت برجیش یادو، اتل پردھان اور کلدیپ اجول کر رہے تھے۔ پہلی ٹیم سنیل یادو کی قیادت میں آج ورنداون پہنچی جہاں کثیر تعداد میں نوجوانوں نے سائیکل ریلی کا خیر مقدم کیا۔ سنیل یادو نے جگہ جگہ نکڑ جلسوں کو خطاب کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی حصولیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مرتبہ کے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی دونوں کو اقتدار ملنے والا نہیں ہے۔ دوسری ٹیم علی گڑھ اور تیسری مرادآباد پہنچی۔ سائیکل ریلی ۲۶؍ فروری کو راجدھانی کے گومتی نگر واقع ڈاکٹر رام منوہر لوہیا پارک پہنچے گی۔