نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہ مسلمانوں کی تعلیم میں میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور مہاراشٹر میں اے ایم یو کی شاخ کے سلسلے میں جلد اقدامات کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے ایک وفد سے کہی۔ جس کی قیادت میں سابق مرکزی وزیر اور رکن لوک سبھامحمد تسلیم الدین کر رہے تھے ۔وفد میں شامل اے ایم یو الومنائی ایسوسی ایشن آف مہاراشٹر کے صدر تنویر عالم نے وزیر اعظم کو ایک عرض داشت بھی پیش کی جس میں مہاراشٹر میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شاخ کھولنے کے سلسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے اور اب تک کی گئی کارروائی کی تفصیلات سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مسٹر تنویر عالم کی بات غور سے سنی اور کہاکہ وہ مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی دور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ اس سنٹر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے ۔ تنویر عالم نے وزیر اعظم سے کہا کہ مرکزی حکومت نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پانچ سنٹر کھولنے کافیصلہ کیا تھا جس میں تین کا قیام عمل میں آگیا ہے لیکن دو سنٹر اب تک قائم نہیں ہوسکے ہیں۔ ان میں سے مہاراشٹر کا سنٹر بھی ہے اور اس کے لئے اورنگ آباد کے خلد آباد میں زمین بھی دیکھی جاچکی ہے اور اس وقت کے وائس چانسلر پی کے عبدالعزیز نے اس زمین کو منظور بھی کردیا تھا لیکن معاملہ اب تک آگے نہیں بڑھ سکا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ اس سلسلے میں پہل کریں تاکہ مہاراشٹر حکومت سنٹر کو زمین دے دے ۔وزیر اعظم نے اس کو نہایت مثبت انداز میں لیا۔