علی گڑھ، 27 ستمبر (یو این آئی) اترپردیش میں علی گڑھ کے اترولی علاقے میں کل رات ناجائز طریقے پر پٹاخے بناتے ہوئے دھماکہ ہوجانے سے ایک عورت اور دو بچوں سمیت تین افراد بری طرح زخمی ہوگئے۔
پولیس کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ علی گڑھ پولیس ہیڈکوارٹر سے تقریباً 25 کلومیٹر دور اترولی قصبے کے محلہ پیر بہادر میں واقع ایک مکان میں غیر قانونی طریقے پر پٹاخے بناتے وقت کل رات دھماکہ ہوگیا۔
دھماکہ اتنا طاقتور تھا کہ اس سے پورا علاقہ دہل گیا۔ اس دوران بارود سے نکلی جنگاری سے پٹاخے بنانے کا کام کرنے والی رخسانہ بیگم اور اس کے گھر کے نزدیک کھیلنے والے دو بچے امن اور وسیم زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔
اس حادثے کی اطلاع ملنے پر اترولی تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پٹاخوں کے ذخیرے کو قبصے میں لیکر موقعہ واردات کو سیل کردیا ہے۔