پاکستانی اداکار عمران عباس بولی وڈ فلم ‘کریچر 3 ڈی’ کے بعد اپنی دوسری فلم ‘جانثار’ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے، لیکن اس فلم کے لیے انھوں نے فلمساز مظفرعلی کو 6 ماہ انتظار کرایا۔
انڈین ایکسپریس نے انڈو ایشین نیوز سروس (IANS) کے حوالے سے لکھا ہے کہ بولی وڈ میں ‘کریچر 3 ڈی’ سے اپنا ڈیبیو کرنے والے عمران عباس کے لیے مظفرعلی کو 6 ماہ تک انتظار کرنا پڑا۔
عمران عباس نے IANS سے بات کرتے ہوئے کہا “جب مظفر صاحب نے مجھ سے رابطہ کیا تو میں نے فوراً حامی بھرلی، مجھے فلم کا اسکرپٹ پسند آیا تھا اور میں اس کا حصہ بننا چاہتا تھا، میں مظفر صاحب کا بھی شکر گزار ہوں کہ انھوں نے 6 ماہ تک میرا انتظار کیا تاکہ میں اپنی دیگر مصروفیات کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکوں۔
1877 کے زمانے سے تعلق رکھنے والی اس فلم کی کہانی انقلابی رقص پر مبنی ہے جس میں عمران عباس سلطنت اودھ کے شہزادے کا کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم ان کی پرورش برطانیہ میں ہوتی ہے۔
مکمل طور پر برطانوی رنگ میں ڈھل جانے کے بعد جب وہ لکھنو واپس آتے ہیں تو ایک لڑکی ‘نور’ کے عشق میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔
مشہور فلم ‘امراؤ جان ادا’ بنانے والے مظفرعلی کی فلم ‘جانثار’ میں عمران عباس کے ساتھ پرنیہ قریشی (بطور نور) اہم کردار کرتی نظر آئیں گی۔
اس سے قبل عمران عباس نے ایک انٹرویو میں اس فلم کو اپنے دل سے بہت قریب قرار دیا تھا۔
اُن کا کہنا تھا ‘میں امراؤ جان جیسی فلمز دیکھتے ہوئے میں بڑا ہوا ہوں اور یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے مظفر علی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے’۔