سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیزالسعود نے سعودی عوام پر زور دیا ہے کہ روزگار اور ہاوسنگ کے مسائل پر پریشان نہ ہوں، حکومت ان مسائل کے دیر پا حل کے لیے کوشاں ہے۔ شہزادہ سلمان نے ان خیالالت کا اظہار سعودی عرب کے 83 ویں یوم تاسیس کے موقع پر قوم سے خطاب کے دوران کیا ہے ۔
سعودی ولی عہد نے ان غلطیوں پر توجہ مبذول کرتے ہوئے جن کی وجہ سے فوائد اور مراعات حد سے بڑھ گئی ہیں کہا یہ مسائل جتنے بھی بڑے ہو جائیں یہ بنیادی طور پر چھوٹے مسائل ہیں۔ اس لیے ان مسائل پر بوکھلاہٹ اور بے چینی ہمیں عوام کی خدمت اور قومی ترقی کے امور سے نہیں روک سکتی۔
شہزادہ سلمان کہنا تھا ” ریاست اپنے شہریوں کی فلاح اور بہبود کے لیے انتھک انداز میں کوشاں ہے اور ہاوسنگ کے شعبے میں موجود خامیوں کو دیکھ رہی ہے۔ نیز سعودی حکومت شہریوں کے لیے فراہمی روزگار، صحت کی مکمل سہولیات، معیاری تعلیم، استعداد کار بڑھانے کے ماحول کے کی کوششیں کر رہی ہے۔”
سعودی ولی عہد نے اس موقع پر اپیل کی کہ” ان امور میں حکومتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت کے دست و بازو بنا جائے، اس مقصد کے لیے مثبت تنقید کی جائے نہ کہ منفی ہتھکنڈے اور منفی تنقید کی جائے۔” انہوں نے مزید کہا ” ہماری تنقید اداراتی کارکردگی پر ہونی چاہیے نہ کہ شخصیات کو نشانہ بنا یا جائے کیونکہ یہ ہماری سماجی اقدار اور مذہب دونوں سے متصادم ہے ۔”
سعودی نوجوانوں کا بطور خاص اپنی تقریر میں ذکر کتے ہوئے انہوں نے کہا سعودی نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ خود توجہ دیتے ہیں۔
ولی عہہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیزنے 83 ویں یوم تاسیس پر سعودی عوام کو مبارک باد دی اور یقین دلایا کہ سعودی عوام کی ترقی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا ” مجھے عوام کے ساتھ یوم تاسیس کی خوشیوں میں شریک ہو کر خوشی ہو رہی ہے کہ یہ دن سعودی عرب کے اتحاد کی علامت ہے ۔”