لکھنؤ (نامہ نگار)سڑک ، نالی ،صفائی،بدحال پڑے پارک کی تزئین کاری سمیت بارہ نکاتی مطالبات کے سلسلے میں منگل کو یواکانگریس پارٹی کے زیراہتمام سیکڑون کارکنان نے میونسپل کارپوریشن ہیڈ کوارٹر پرمظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ایڈیشنل سٹی کمشنر وشال بھاردواج کومطالبات کی عرضداشت سونپی۔ اس کے بعد مظاہرہ ختم ہوگیا۔ شہرمیں عوامی مسائل کے سلسلے میں منگل کی صبح گیارہ بجے سیکڑوں کارکنان یواکانگریس کے بینر تلے لال باغ واقع میونسپل کارپوریشن ہیڈ کوارٹر پہنچے۔
کارکنان نے لکھنؤ لوک سبھاصدر منوج تیواری کی قیادت میں کارپوریشن ہیڈ کوارٹر پرایک روزہ دھرنا ومظاہرہ
شروع کردیا۔ مظاہرین سماج کے کمزور طبقوں کو ٹیکس سے مستثنیٰ کیاجائے،شہر کی بدحال پڑی سڑکوں کو درست کرانے ، شہر میں پھیلی گندگی صاف کرانے ، گندگی سے بھرے نالے صاف کرائے جانے ، شہر کے پارکوںکی تزئین کاری کرائے جانے سمیت بارہ نکاتی مطالبات کو پورا کرنے کیلئے دھرنے پربیٹھے تھے۔ دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے ایڈیشنل سٹی کمشنر وشال بھاردواج مظاہرین کے پاس پہنچے اور مظاہرین نے انھیں بارہ نکاتی مطالبات کی عرضداشت سونپی۔مسٹر بھاردواج نے مظاہرین کوجلد از جلد پورا کرانے کی یقین دہانی دی۔ اس کے بعد مظاہرہ ختم ہوگیا۔
مظاہرین نے خاص طور پررام گوپال سنگھ ،قومی سکریٹری جیوتش یادو ، ابھیشیک ،ریاستی جنرل سکریٹری اکھلیش ورما،روی شریوا ستو، محمد رئیس ،نریندر پرتاپ سنگھ ،سمیت سیکڑوں کارکنان موجود تھے۔