کانپور (نامہ نگار)ترنمول کانگریس کے وسطی حلقہ انچارج سوربھ بندوپادھیائے نے پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں انا ہزارے اور ترنمول کانگریس کی مشترکہ ریلی منعقد ہونے والی تھی۔ انا کو یہ بات معلوم ہوگئی تھی کہ عوام اب ان کے ساتھ نہیں ہیں اس لئے وہ ریلی میں نہیں آئے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہلی کی ریلی کا انعقاد اناہزارے نے کیا تھا ان کی ریلی میں ممتابنرجی کو مدعو کیا گیاتھا۔ جب انا ہزارے کو محسوس ہوا کہ ان کی مقبولیت میں کمی ہوگئی ہے تو انہوں نے آخری وقت میں اپنا پروگرام منسوخ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ پروگرام ترنمول کانگریس کے ذریعہ منقعد کیا جاتا تو پورے ملک سے لوگ ریلی میں شامل ہونے کے لئے جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ اناہزارے سے ترنمول کانگریس کا کوئی اتحاد نہیں ہے اور پارٹی تنہا الیکشن لڑے گی۔ وسطی حلقہ انچارج نے کانپور سے منطقائی صدر انل اوستھی کو پارٹی کا امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔