لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مجھے پارٹی کارکنوں پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ تن من دھن سے مودی کی حکومت بنانے میں اپنا تعاون پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میںتمام کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حلقہ کے عوام سے کئے گئے ہر وعدہ کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے بی جے پی کے ریاستی دفتر میں نامزدگی سے قبل کارکنوں کے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ شیو کمار ،ریاستی صدر لکشمی کانت باجپئی، لال جی ٹنڈن اور میئر ڈاکٹر دنیش شرما کو مخاطب کرتے ہوئے راج ناتھ نے کہاکہ میں آپ سب کا شکر گزار ہوں کہ آپ نے مجھے اہل لکھنؤ کی خدمت کا موقع دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں مودی کی حکومت بننا طے ہے۔ اس سے قبل جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے لکھنؤ کے رکن پارلیمنٹ لال جی ٹنڈن نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ کو زبردست اکثریت سے کامیاب بنانا ہم سب کی ذمہ د
اری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤکے عوام نے جس طرح اٹل جی کی عزت افزائی کی اور جو محبت مجھے دی وہ راج ناتھ سنگھ کو بھی دیں۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر اپنا قیمتی ووٹ راج ناتھ سنگھ کو دیں اور مودی کو حکومت بنانے میں اپنا تعاون پیش کریں ۔ موہن لال گنج حلقہ کے امیدوار کوشل کشور نے کہا کہ آج امریکہ ، چین، پاکستان وغیرہ نہیں چاہتے ہیں کہ مودی ملک کے وزیر اعظم بنیں لیکن آج پورے ملک میں مودی کی لہر ہے اور اس لہر کو ووٹوں میں تبدیل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
جلسہ کے بعد راج ناتھ سنگھ ایک جلوس کی شکل میں حضرت گنج چوراہے پر آئے اور یہ جب قافلہ ہنومان مندر کے پاس پہنچا تو راج ناتھ نے مندر میں ماتھا ٹیکا۔ جلوس میں حضرت گنج سے ڈی آر ایم آفس تک تمام دکانداروں نے اپنی رضامندی کا اظہار کیا۔ موتی محل کے پاس جلوس کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تاجروںنے پھولوں کا ہار پیش کر کے راج ناتھ سنگھ کا استقبال کیا۔ ساہو سنیما کے سامنے بھی ان کے استقبال کی شاندار تیاری تھی۔ راج ناتھ سنگھ کا یہ جلوس جوں جوں آگے بڑھ رہا تھا وہ وہ کارکنوں میں جوش پیدا ہو رہا تھا۔ جلوس کے کارکنوں نے جھنڈا الٹا لگا دیا تھا۔ مودی راج ناتھ سنگھ زندہ باد کے شور میں جب کارکن کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی تو اس نے شرمندگی کا اظہار کیا۔ کارکنوں میں راج ناتھ سنگھ کے قریب جانے کا جوش زیادہ دکھائی دے رہا تھا جس کی وجہ سے راج ناتھ سنگھ کو کئی جگہ دھکا کھانا پڑا۔