کانپور:جاجمئوکے علماء ائمہ مساجد،حفاظ ومدارس کے اساتذہ ٔ کرام کی ایک خصوصی جلسہ منعقد ہوا۔جس میں موجودہ وقت میں ائمہ، علماء ،حفاظ کی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگوہوئی اورمسلمانوں کو تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر گامزن رکھنے اور ان کے عقائد واعمال کی درستگی اور نت نئے فتنوں کے سدباب کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔اشرف آباد جاجمئوکی جامع مسجد میں مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی کی صدارت میں علماء ، ائمہ مساجد اور حفاظ کرام کی ایک خصوصی جلسہ منعقد ہوا۔قاری صغیر احمد استاذ مدرسہ قاسمیہ تاڑ بغیہ کی تلاوت سے مجلس کا آغاز ہوا۔جلسہ میں اس بات پر غور کیا گیا کہ کس طرح سے غیر اسلامی رسومات کا خاتمہ کیا جائے اور مسلمانوں عقائد اعمال کی حفاظت اور روز بروز نئے نئے فتنوں کا مقابلہ کس طرح سے کیا جائے۔جلسہ میں تقریباً ۵۰؍علماء ،حفاظ ،ائمہ نے شرکت کی ۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا مولانا اسامہ قاسمی نے کہا کہ موجودہ وقت میں جو فتنے رونما ہورہے ہیں اس کے سدباب کے لیے علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسلمانوں کے ذہنوں میں اسلام کی تئیں پیدا کئے جارہے شکوک وشبہات کے ازالے کے ساتھ ساتھ ان کے ذہنوں میںصحابہ کرام، ائمہ مجتہدین ، اولیائے کرام کی عظمت کو جاگزیں کریں اورمسلمانوں کو اسوہ ٔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنانے کی تلقین کریں۔ مولانا نے کہا کہ کچھ فتنے پہلے سے موجود ہیں اور روز نئے نئے فتنے جنم لے رہے ہیںاس لئے ہماری ذمہ ذاریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ہم صرف نماز اور اسباق پڑھاکر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش نہیں ہو سکتے ۔ حالات حاضرہ کو مد نظر رکھتے ہوئے مسلمانوں کی اصلاح کرنے اور ان کے اعمال کی درستگی کی کوششیں کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کی ذہنی وفکری تربیت ہم سب علماء کی مشترک ذمہ داری ہے۔اس موقع پرمولانا معین الدین قاسمی ، مولانا خلیل احمد مظاہری، مولانا عبدالغفار ، مولانا محمد ناظم، مولانا عبدالتواب قاسمی،مولانا محمد سجاد قاسمی ،مولانا محمد وسیم ، مولانا محمد کوثر جامعی، مفتی اسعد الدین قاسمی ، مولانا عبداللہ مظاہری، مولانا حفظ الرحمن قاسمی،وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔