لکھنو؛ ریاست کے گورنر رام نائک نے موسم بہار میں راج بھون گارڈن کو عوام کیلئے تین مارچ سے تیرہ مارچ تک روزانہ تین بجے سے شام پانچ بجے تک کھولے جانے کی ہدایت دی ہے۔ مذکورہ اوقات میں راج بھون کے گیٹ نمبر تین یعنی طوپ والے دروازہ کے بغل سے داخلہ لے سکیں گے۔ گارڈن کی سیر کرنے کے خواہشمند افراد کو اپنا فوٹو چسپاں کیا ہوا شناختی کارڈ ساتھ میں لانا ضروری ہے۔ غور طلب ہے کہ راج بھون جوپہلے کوٹھی حیات بخش کے نام سے معروف کی تعمیر نواب سعادت علی خاں کے دور حکومت میں ۱۷۹۸ء میں ہوئی تھی۔ میجر جنرل کلاڈ مارٹن نے اس عمارت کی دوبارہ تعمیر کرائی تھی اور اسی کو اپنی رہائش قرار دیا تھا۔ آزادی وطن سے قبل بھی یہ عمارت اودھ صوبہ کے ڈپٹی گورنر کی سرکاری رہائش کی آزادی وطن کے بعد یہ عمارت راج بھون کے نام سے مشہور ہے اور یہ ریاست کے گورنر کی سرکاری رہائش گاہ ہے۔ راج بھون کے خصوصی احاطہ میں سفید سنگ مرمر کی ایک بارہ دری بھی تعمیر ہے اور عمارت کے سامنے لان میں اترپردیش حکومت کی مہر کی سائز کا ایک خوشنما فوارا بھی قائم ہے۔ یہاں ایک کیکٹس ہاؤس بھی ہے جہاں مختلف قسم کے نایاب ادویاتی پودوں کا ایک باغیچہ بھی ہے جسے دھنونتری واٹیکا کا نام دیا گیا ہے۔ یہاں مختلف رنگوں اور اقسام کے گلاب کاخوبصورت باغ بھی ہے جو گلاب واٹیکا کہلاتی ہے۔ راج بھون میں رودراکش، کلپ ورکش، سیتا اشوک، سندور، کرشن وٹ اور چندن کے نایاب درخت بھی لگے ہیں۔