لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو نے کہا ہے کہ عوام سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی سطح پر تعاون نہ ملنے پر انہیں بتایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کے مفاد کیلئے ہمیشہ کوشاں ہے
۔ حکومت ریاست کے باشندوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ غریبوں، بے سہاروں کے ساتھ کسی بھی طرح کی نا انصافی اور ظلم نہیں ہونے دیاجائے گا۔ مسٹر یادو نے آج اپنی سرکاری رہائش گاہ پر بڑی تعداد میں آئیں ضعیف خواتین اور نوجوانوں کے مسائل کو ہر شخص کے پاس جاکر سنا اور علم میں لیکر افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے فریادیوں کو یقین دلایا کہ کسی بھی شخص کے ساتھ اگر کوئی بھی افسر تعاون یا مسائل کے تصفیہ میں ضروری کارروائی نہیں کرتا ہے تو فوری ان کے علم میں لائیں جس سے متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ حکومت کی تمام اسکیموں کا فائدہ اٹھائیں اور اگر کسی بھی سطح پر تعاون نہیں ملتا ہے تو جلد ہی ان کو روشن کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی افسر اپنی ذمہ داری نہیں نبھائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔