ممبئی (وارتا) بالی ووڈ میں جگجیت سنگھ کا نام ایک ایسی شخصیت کے طور پر یاد کیاجاتا ہے جنہوںنے اپنی غزل گلوکاری سے تقریباً چار دہائی تک ناظرین کے دل پر راج کیا۔ ۸؍فروری ۱۹۴۱ء کو راجستھان کے شری گنگا نگر میں پیدا ہونے والے جگجیت سنگھ کے بچپن کانام جگموہن تھا لیکن والد کے کہنے پرانہوںنے اپنا نام جگجیت سنگھ رکھ لیا۔ بچپن کے دنوں سے ہی جگجیت سنگھ موسیقی سے دلچسپی رکھتے تھے۔ انہوںنے موسیقی کی تعلیم استاد جمال خاں اور پنڈت چھگن لال شرما سے حاصل کی ۔۱۹۶۵ء میں گلوکار بننے کی خواہش لئے جگجیت سنگھ ممبئی آگئے۔ ابتدائی دور میں جگجیت سنگھ کو اشتہاری فلموںکیلئے گانیکا موقع ملا ۔ اس دوران ان کی ملاقات چترا دتہ سے ہوئی ۱۹۶۹ء میں جگجیت سنگھ نے چترا سے شادی کرلی اس کے بعد جگجیت -چترا کی جوڑی نے کئی البموں میں اپنی جادئوئی گلوکاری سے ناظرین کواپنا دیوانہ بنا لیا۔ جگجیت سنگھ نے پرائیوٹ البم میں گلوکاری کے علاوہ کئی فلموں میں بھی اپنی خوبصورت آواز سے ناظرین کا دل جیت لیا۔ ۲۰۰۳ء میں جگجیت سنگھ کو حکومت ہند کی جانب سے پدم بھوشن اعزاز سے نوازا گیا۔ اپنی گلوکاری سے ناظرین کے درمیان اپنی شناخت قائم کرنے والے جگجیت سنگھ نے ۱۰؍اکتوبر ۲۰۱۱ء کو اس دنیا سے الوداع کہہ دیا۔ جگجیت سنگھ کے گائے سپرہٹ گانوں کی طویل فہرست میں ’ہونٹو سے چھو لو تم ’میرا گیت امر کردو ،جھکی جھکی سی نظر ،تم اتنا کیوں مسکرارہے ہو،تم کو دیکھا تو یہ خیال آیا ،یہ تیرا گھر یہ میرا گھر ،چھٹی نہ کوئی سندیش ،ہوش والوں کو خبر کیا ،وغیرہ ہیں۔