غزہ: فلسطین کے مغربی کنارے کے شہر غزہ میں اسرائیلی طیاروں نے فضائی کارروائی کی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی کارروائی فلسطین کے علاقے سے اسرائیل میں راکٹ فائر کئے جانے کے بعد کی گئی ہے۔
حکام اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اعلی الصبح ہونے والے فضائی کارروائی میں حماس کے دو ٹرینگ کیمپس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ غزہ سے تعلق رکھنے والے ایک عسکریت پسند گروپ کی جانب سے اسرائیلی علاقے میں دو راکٹ فائر کئے گئے، جن میں سے ایک اسرائیل کے سرحدی علاقے سدروت میں گرا جس سے ایک بس متاثر ہوئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دوسرا راکٹ ’میزائل سے دفاع‘ کے نظام نے ہوا میں ہی تباہ کردیا۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل پر کئے جانے والے ایک راکٹ حملے کی ذمہ داری داعش کے ہمدرد فلسطینی گروپ نے تسلیم کی ہے جبکہ دوسرے راکٹ حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ فلسطین کے مغربی کنارے کے علاقے میں گزشتہ ہفتے اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان شروع ہونے والے تصادم کے بعد غزہ اور یروشلم کے درمیان کشیدگی تاحال جاری ہے۔
ادھر برطانیہ میں موجود امریکا کے اسٹیٹ سیکرٹری جان کیری نے مسجد اقصیٰ کے حوالے سے شروع ہونے والی کشیدگی پر دونوں فریقین کو پرسکون رہنے پر زور دیا ہے۔