غزہ میں آباد فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرہ کرکے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور مسجد الاقصی پر غاصب صیہونیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
العالم نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں آباد فلسطینیوں نے پیر کی شام نماز عشا کے بعد احتجاجی مظاہرہ کرکے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور مسجد الاقصی پر غاصب صیہونیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی اور مسجد الاقصی اور فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگائے۔
غزہ کے فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کے خلاف بھی نعرے لگائے اور غاصب صیہونیوں کے جارحانہ اقدامات کی شدید مذمت کی۔ اس سے قبل مقبوضہ بیت المقدس میں واقع بیت حنینا کے علاقے الاشقریہ میں صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینیوں کی حالت بگڑ گئی اور ان کے خلاف آنسو گیس کے استعمال سے انھیں شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب دریائے اردن کے مغربی کنارے میں واقع شہر رام اللہ میں بیت ایل چیک پوسٹ کے قریب فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک اور جارحانہ اقدام عمل میں لاتے ہوئے بیت المقدس میں مزید چار ہزار صیہونی فوجی تعینات کئے جانے کی حکم جاری کی ہیں۔