نئی دہلی: پولیس نے مغربی دہلی علاقے کے ایک مکان میں غیر قانونی طریقہ سے رکھے 155 کلو گرام پٹاخے ضبط کرلئے ہیں۔ اس معاملہ میں جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے وہ آئی ٹی پیشہ ور ہے ۔
مغربی دہلی کے پولیس کمشنر وجے کمار نے آج بتایا کہ کرم پورہ علاقہ میں گشت کررہی موتی نگر تھانے کی پولیس ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دیوالی کے موقع پر ایک شخص نے اونچے دام پر پٹاخے فروخت کرنے کے لئے اپنے گھر میں غیر قانونی طور سے پٹاخوں کی بڑی کھیپ چھپا کر رکھی ہے ۔
اس اطلاع کی بنیاد پر چھاپہ مار کر 115 کلو پٹاخے برآمد کئے گئے ۔ اس معاملے میں ملزم پلکت کو گرفتاتر کیا گیا ہے ۔ اس کے پاس پٹاخے بیچنے کے لئے لازمی لائسنس نہیں تھا اس نے سارا سامان غیر قانونی طور سے چھپا کر رکھا تھا۔
پوچھ تاچھ کے دوران پلکت نے بتایا کہ وہ نوئیڈا کی ایک آئی ٹی کمپنی میں کام کرتا ہے ۔ دیوالی کے موقع پر موٹی کمائی کے لالچ میں اس نے بنا لائسنس کے ہی پٹاخے خرید کر گھر میں چھپا دیئے تھے ۔
چونکہ پٹاخوں سے آگ لگ سکتی ہے اس لئے ان کا ذخیرہ کرنا غیر قانونی ہے ۔ انہیں رکھنے کے لئے لائسنس لینا پڑتا ہے ۔
پلکت کے خلاف دھماکہ خیز مادہ قانون کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے ۔