نئي دہلی:جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین (جے این یو ایس یو) کے صدر کنہیا کمار کی غیر معینہ بھوک ہڑتال کے آٹھویں روز آج طبیعت بگڑنے پر ان ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا۔ طلبہ یونین کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کنہیا کمار کی صحت نازک ہونے کی اطلاع ملنے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے انہیں ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا ہے ۔ جے این یو ایس یو کے جنرل سکریٹری راما ناگا نے بتایا کہ کنہیا کمار کو آج ایک بجے ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے ۔ بھوک ہڑتال کے دوران طلبہ لیڈر کے جسم کا وزن کافی کم ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی صحت مزید خراب ہوگئی۔واضح رہے کہ گزشتہ 9 فروی کے واقعہ کی تفتیش کے لئے یونیورسٹی کی طرف سے تشکیل شدہ ہائی لیول انکوائری کمیٹی کی تحقیقات کو مسترد کرتے ہوئے کنہیا کمار اور عمر خالد دیگر 18 طلبہ کے ساتھ 27 اپریل سے غیر معینہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے تھے ۔ ہائي لیول انکوائری کمیٹی کے سفارش پر یونیورسٹی نے افضل گرو کی حمایت میں پروگرام منعقد کرنے کے پاداش میں کنہیا کمار پر دس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا اور عمر خالد و انربن بھٹا چاریہ کو کچھ وقفہ کے لئے یونیورسٹی سے اخراج کردیا تھا۔ان کے علاوہ ایک کشمیری طالب علم مجیب گٹو کو دو سمسٹر کے لئے معطل کردیا گیا تھا اور یونیورسٹی انتظامیہ نے یونیورسٹی ہاسٹل میں آشوتوش کے داخلے پر ایک سال کی پابندی لگا دی تھی۔