حیدرآباد۔ پہلے دونوں میچ جیتنے کے بعد ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف کل تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ کے ذریعہ سیریز اپنی جھولی میں ڈالنے کے ارادے سے اترے گی۔ وراٹ کوہلی اینڈ کمپنی نے ابھی تک کرکٹ کو باقاعدہ کپتان مہندر سنگھ دھونی کی کمی نہیں کھلنے دی ہے جنہیں پہلے تین ون ڈے میں آرام دیا گیا ہے۔ پہلے دونوں میچوں میں ہندوستان نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کٹک میں سلامی بلے باز اجنکیارہانے اور شکھر دھون کی طوطی بولی تو موٹیرا میں امباتی رائیڈو نے سنچری بنائی۔ ہندوستان نے پہلے میچ میں 363 رنز بنا کر 169 رنز سے جیت درج دی تھی جب
کہ موٹیرا میں 275 رن کا ہدف پانچ اوور باقی رہتے حاصل کر لیا۔ تینوں رہانے، دھون اور رائیڈو کو سری لنکائی گیندباز پریشان نہیں کر سکے۔ یہاں راجیو گاندھی بین الاقوامی اسٹیڈیم کی پچ بھی بلے بازوں کی مددگار ہے جس پر 300 سے زیادہ کا اسکور بنایا جا سکتا ہے۔ ہندوستان کے گیند بازوں نے بھی دو میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پہلے ون ڈے میں ایشانت شرما نے چار وکٹ لئے جبکہ دوسرے میں اسپنر آر اشون اور پٹیل کا جلوہ رہا۔ نوجوان پٹیل نے دوسرے ون ڈے میں 10 اوور میں 39 رن دے کر دو وکٹ لئے لہذا کوہلی تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں زیادہ تبدیلی نہیں کرنا چاہیں گے۔ میزبان ٹیم کو سری لنکا کے جوابی حملے سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ سری لنکا کو سیریز میں بنے رہنے کے لئے یہ میچ ہر حالت میں جیتنا ہے اور وہ کل کوئی کوتاہی نہیں برتنا چاہے گا۔انجیلو میتھیوز کی قیادت میں سری لنکا نے احمد آباد میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ہندوستان کو سخت چیلنج پیش کیا۔ شروعاتی وکٹ جلدی گرنے کے بعد میتھیوز کے آؤٹ 92 اور تجربہ کار کمار سنگاکارا کے 61 رنز کی مدد سے سری لنکا نے اچھا اسکور بنایا تھا۔سنگاکارا اور تسارا پریرا کیلئے تو ایک طرح سے یہ گھریلو میدان ہیں چونکہ آئی پی ایل میں وہ سنراجرس حیدرآباد کیلئے کھیلتے ہیں۔ سری لنکا کیلئے تشویش کا سبب بولنگ ہے چونکہ دھمکا پرساد، پریرا اور سورج رندیو توقعات پر کھرے نہیں اتر سکے ہیں۔ آف اسپنر رندیو نے پہلے میچ میں تین وکٹ لئے جبکہ لیگ اسپنر س پرسنا نے بھی احمد آباد میں تین وکٹ حاصل کئے لیکن دونوں کافی مہنگے ثابت ہوئے۔