لندن ۔فرانسیسی کھلاڑی فرینک ربری زخمی ہونے کے باعث برازیل میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ربیری کو جمعہ کی شام کو اس وقت اسپتال لے جایا گیا جب انھوں نے پریکٹس سیشن کے دوران کمر کے نچلے حصے میں تکلیف کی شکایت کی۔ڈاکٹروں نے ان کے ٹیسٹ کرنے کے بعد بتایا کہ انجری زیادہ ہے اور وہ برازیل میں اس ماہ منعقد ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔فرانسیسی کوچ ڈی شیمپس کا کہنا ہے کہ 31 سالہ ربری کی انجری زیادہ ہے اور وہ میچ تو کیا پریکٹس میں بھی شریک نہیں ہوسکتے۔ ڈی شیمپس کے مطابق پریکٹس کے دوران ان کا درد اتنا زیادہ ہو گیا کہ تربیتی سیشن کو روکنا پڑا۔واضع رہے جرمن کلب بائرن میونخ کی جانب سے کھیلنے والے ربری کوگذشتہ کچھ ہفتوں سے اس تکلیف کا سامنا تھا اور وہ اسی وجہ سے 26 اپریل کے بعد اپنے کلب کی طرف سے صرف ایک بار اور قومی ٹیم کی جانب سے کوئی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔فرانس کی طرف سے 81 میچوں میں 16گول کرنے والے ربری کا فرانس کے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں اہم کردار تھا جس میں انھوں نے پانچ گول کیے۔ربری کو فیفا کی طرف سے گذشتہ سال تیسرے بڑے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ انھوں نے اپنے کلب بائرن میونخ کا جرمن لیگ کپ جیتنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔تین بار سال کے بہترین فرانسیسی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے ربری فرانس کے زخمی ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہونے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل فرانسیسی مڈ فیئلڈر کلیمنٹ گرینئیر بھی زخمی ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔