لکھنو:فرانس میں تیار کردہ کوچ لکھنو میں چلنے والی میٹرو ریل سروس کی شان بڑھائیں گے ۔
لکھنو میٹرو ریل کارپوریشن (ایل ایم آر سی) نے فرانس کی کمپنی ایلسٹم کو کوچ کی سپلائی کا ٹھیکہ دیا ہے ۔ ایل ایم آر سی کے منیجنگ ڈائرکٹر کمار کیشو نے آج یہاں بتایا کہ آئندہ برس کے آخر تک شروع ہونے والی لکھنو میٹرو کے پہلے مرحلے کے لئے 65 ہفتے کے اندر کوچ دستیاب کرادیئے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کل ایک نئے ٹنڈر کے ذریعے دس ارب 69 کروڑ 81 لاکھ روپے کا ٹھیکہ ایلسٹم کو دیا گیا ہے جس کے تحت کمپنی 20 ٹرینوں کے لئے 80 کوچ کے ساتھ ساتھ ٹرین کنٹرول اور سگنل سسٹم بھی فراہم کرائے گی۔مسٹر کیشو نے بتایا کہ کوچ کا ڈھانچہ فرانس میں تیار کیا جائے گا جبکہ چنئی میں واقع ایلسٹم ٹرانسپورٹ انڈیا لمٹیڈ میں ان کوچوں کو فائنل شکل دے گا۔
ریاست کے چیف سکریٹری آلوک رنجن کی سربراہی میں ایل ایم آر سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی حال ہی میں منعقدہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا، کوچ اور سگنل سسٹم کا ٹنڈر 21 اپریل کو جاری کیا گیا تھا۔ جس میں تین کمپنیوں نے اپنی دلچسپی ظاہر کی تھی۔ ایلسٹم کی قیمتیں دیگر دو کمپنیوں کے مقابلے میں کم تھیں اس لئے اسے یہ ٹھیکہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسٹر رنجن نے میٹرو پروجیکٹ سے وابستہ افسروں سے کوچوں کی فراہمی بروقت کرائے جانے کو یقینی بنانے کو کہاہے تاکہ میٹرو ریل کے پہلے مرحلے کے آغاز میں غیر ضروری تاخیر نہ ہوسکے ۔ذرائع نے بتایا کہ فرانس میں بنائے گئے یہ کوچ جدید ترین سازوسامان سے لیس ہیں جن میں مسافروں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کا انتظام ہے ۔ یہ تمام کوچ اسٹین لیس اسٹیل کے بنے ہوں گے لیکن وزن کے لحاظ سے یہ کافی ہلکے ہوں گے ۔ ان میٹرو ٹرینوں کو مائیکرو پروسیسر پر مبنی ٹرین کنٹرول اور منیجنگ سسٹم کے ذریعے چلایا جائے گا۔