لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ڈاکٹر شکنتلا مشرا باز آبادکاری یونیورسٹی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد میں ڈی لٹ کی سند سے سرفراز سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ ملک میں سماجی خیر سگالی بنائے رکھنا بڑا چیلنج ہے۔ جلسہ تقسیم اسناد میں سند سے سرفراز طلباء و طالبات اور بڑی تعداد میں موجود لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سماجی خیر سگالی توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ہم ۱۹۹۰ء سے فرقہ پرست طاقتوں سے لڑ رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوںنے اس
دوران کھل کر مدد کی تھی۔ انہوںنے جلسہ تقسیم اسناد میں آئے لوگوں سے کہا کہ ملک کے اندر سماجی ڈھانچہ کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ملک کے عوام بیدار ہیں ایسے لوگوں کی سازشوں کو ناکام کردیں گے۔ ہم لوگوں کو ذمہ داری سے کام کرتے رہنا چاہئے۔ ہم مسلسل فرقہ پرست طاقتوں سے جدو جہد کر رہے ہیں۔ انہوںنے طلباء کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ تقسیم اسناد سے ہمیں سبق ملتا ہے۔ یونیورسٹیوں کیلئے یہ دن تہوار جیسا ہوتا ہے۔ انہوں نے سابقہ بی ایس پی حکومت کا نام لئے بغیر کہا کہ پانچ برس تو جلسہ تقسیم اسناد کا رواج ہی ختم کر دیا گیا تھا۔ مسٹر یادو نے امید ظاہر کی کہ جن لوگوں کو اسناد ملی ہیں وہ اپنے کام کرنے کے طریقہ سے سماج کو متاثرکریں گے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ اس میںکچھ لوگ پروفیسر بنیںگے، افسر بنیں گے، دیگر طرح کی خدمات میں جائیں گے اور کچھ لوگ سیاست میں آکر ہم جیسوں کی طرح عوام کی خدمت کریں گے لیکن جہاں بھی جائیں ذمہ داری سے اپنا کردار ادا کریں۔