لکھنؤ(نامہ نگار)فرقہ پرست اور سرمایہ دار طاقتیں ملک کو فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنا چاہتی ہیں۔وہ نہیں چاہتی ہیں کہ ملک میں کوئی ایسی حکومت برسرِ اقتدار آئے جو فرقہ پرست مخالف ہو۔ لیکن اس مرتبہ پارلیمانی الیکشن میں سماجوادی پارٹی ایسی طاقتوں کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے۔
ان خیالات کا اظہار ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ شیوپال سنگھ یادونے کیا۔وہ آج سروجنی نگر کے گوری
میں سابق رکن اسمبلی شیام کشور یادو کی قیادت میں منعقد جلسہ (جو بوتھ سطح کے کارکنوں پر مشتمل تھا) کو خطاب کر رہے تھے۔
وزیر تعمیرات عامہ شیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اوربدعنوانی اپنی آخری منزل پرہیں۔ پڑوسی ملک ہندوستان کی سرزمین پر قبضہ کرنے کی کوشش میں لگا ہو اہے۔ مگر مرکز میں برسرِ اقتدار کانگریس حکومت اس سلسلہ میںکوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے مدد نہیں دی ورنہ ریاست میں بجلی اور سڑکوں کی مرمت کا مسئلہ حل ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے موہن لال گنج لوک سبھا حلقہ سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار سشیلا سروج کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں پہنچنے پر غریبی، بیروزگاری اور کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں گے۔ سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کرن میک چندرا نے کہا کہ کانگریس حکومت کی ا ب تک پانچ لاکھ کروڑ روپئے کی بدعنوانیاں سامنے آچکی ہیںاوریہ دولت صنعتکاروں کے ہاتھوں میںچلی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرکز میں آئندہ سماجوادی پارٹی کی قیادت میں تیسرے محاذ کی حکومت ہوگی۔ جلسہ کو سنیل سنگھ ساجن، راج کشور مشرا، بھگوتی سنگھ، سشیلا سروج، شارداپرتاپ شکلا، چندرا راوت اور اشوک یادو نے بھی خطاب کیا۔ ان لوگوں نے سماجوادی پارٹی کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی۔
اس موقع پر رکن اسمبلی شارداپرساد شکلا نے وزیر تعمیرات عامہ سے نامکمل گوری-اموسی روڈ کی تعمیر کروانے اورسابق رکن اسمبلی شیام کشور یادو نے یوپی ڈی پی ایل سرکاری دوا کمپنی کے ملازمین کو ۳۲ماہ کی بقایا تنخواہ دلانے کا مطالبہ کیا۔ جس پر وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو نے الیکشن بعد ان مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا۔ اس دوران امر پال سنگھ، شبیر خاں، راجندر یادو، شیو کمار تیواری، رئیس احمدمنا، کرن یادو، رام گوپال، چندر شیکھر، اجے پرتاپ ، رام نریش یادوکے علاوہ سیکڑوں کارکنان موجود تھے۔