(نامہ نگار)مولانا محمد علی جوہر فینس ایسوسی ایشن کے صدر حیات ظفر ہاشمی کی قیادت میں مظفرنگر فساد متاثرین کے لئے راحت کا سامان لیکر روانہ ٹیم آج صبح کانپور واپس پہنچ گئی۔ کانپور آمد پر مختلف سماجی تنظیموں کے لوگوں نے ریلوے اسٹیشن پر وفد کا استقبال کیا۔ اس کے بعد ایسوسی ایشن کے دفتر پریم نگر میں ایک جلسہ ایسوسی ایشن کے صدر ظفر ہاشمی کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔ جلسہ کی نظامت ایسوسی ایشن کے نشر واشاعت کے سکریٹری حافظ واحدعلی رضوی نے کی۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر حیات ظفر ہاشمی نے کہا کہ کانپور کے لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے ایسوسی ایشن کے ذریعہ فساد متاثرین کی امداد کے لئے شروع کی گئی مہم میں ایسوسی ایشن کو تعاون دیا۔ عوام کی حمایت سے جمع کیاگیا راحت کا سامان، نقد رقم ، گرم کپڑے اور کمبل وغیرہ مظفر نگر میں واقع جھانجھک کیمہپ میں مقیم ۶۲۹ کنبوں کو فراہم کرایا۔ اس کے علاوہ شاہ پور واقع ۶۱کنبوں کو راحت کا سامان مہیا کرانے کے بعد ان کے حالات کا جائزہ لیاگیا۔ ایسوسی ایشن کی ٹیم کی قیادت حیات ظفر ہاشمی، مولانا ظہور عالم، مولانا الیاس گوپی، حافظ واحد علی رضوی ، محمد شاہد انصاری وغیر
ہ کررہے تھے۔ انہوں نے فساد متاثرین کے مختلف کیمپوں کا بھی دورہ کیا۔ کیمپ میں پناہ گزین پلاسٹک کی چادروں کے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کھلے آسمان کے نیچے کھانا پکارہے ہیں۔ بچوں کے پاس گرم کپڑے نہیں ہیں۔ متاثرین سے گفتگو کے دوران کیمپ میں مقیم ممتاز احمد انصاری نے بتایا کہ کرونی گاؤں کے ۱۲۵کنبوں کے تقریبا۶۲۹؍افراد کیمپ میں مقیم ہیں۔ فسادیوں کی دہشت سے وہ گاؤں چھوڑ کر یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۲جنوری کو ریاستی حکومت کے اشارے پر مظفرنگر ضلع انتظامیہ نے کیمپوں کو مسمار کردیا جس کے بعد بہت سے کنبہ دوبارہ بے سہارا ہوگئے ہیں۔منعقدہ جلسہ میں مظفر نگر متاثرین سے فون پر گفتگو کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ایسوسی ایشن کے ذریعہ کیمپ سے لاپتہ ہونے والے بچوں کی تلاش کامطالبہ ضلع انتظامیہ سے کیا جائے گااور متاثرین کے دیگر مسائل کو حل کرایا جائے گا۔
ایسوسی ایشن کے صدر حیات ظفر ہاشمی نے مزید کہا کہ اگر دس دنوں کے دوران ریاستی حکومت و مظفر نگر انتظامیہ نے فسادیوں کے خلاف کاروائی نہیں کی اور متاثرین کو ان کے مکانوں میں حفاظت سے نہیں بھیجا، اور ضلع انتظامیہ نے ان کی حفاظت کی ذمہ داری نہیں لی تو ایسوسی ایشن کے عہدیداران ہزاروں فساد متاثرین کے ساتھ وزیراعلٰی اکھلیش یادو کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کریں گے اور متاثرین کا کیمپ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ہی لگائیں گے۔ اس سلسلہ میں کانپور وریاست کے تمام علماء کو شامل کرنے کے لئے دعوت نامہ دیئے جائیں گے اور علماء سے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے گھیراؤ میں شامل ہونے کی اپیل کی جائے گی۔ جلسہ میں ایسوسی ایشن کے صدر کے علاوہ مولانا ظہور عالم ، حافظ سید محمد فیصل ازہری ، محمد شاہد انصاری، محمد ثاقب انصاری، حافظ رمضان علی، حافظ کونین کے علاوہ محمد ناظر علی، سید ظفرعلی نقی وغیرہ موجود تھے۔