لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اقلیتی بہبود اور شہرترقیات محمد اعظم خاں نے ایک بار پھر وزیر اعظم پر طنز کیا۔ انہوں نے ایک پروگرام کے دوران بدھ کو عام آدمی پارٹی کی ریلی کے دوران ایک کسان کی خودکشی پر کہا کہ اب کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ کسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ فصل برباد ہونے سے کسان مر رہے ہیں اوربادشاہ مہنگے کپڑے پہن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بادشاہ اجمیر میںچڑھانے کیلئے چادر تو بھیجتا ہے لیکن جن کے جسم پر چادر نہیں ہے انہیں چادر نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ آج لوگ پاکستان جانے اور ووٹ کا حق چھیننے کی بات کرتے ہیں لیکن ہم کچھ نہیں کہتے۔ ہمیں یہ لڑائی خود لڑنا ہوگی۔ مسٹر خان نے کہا کہ مجھ سے سب ناراض ہیں۔ میرے پاس پیسہ، کار نہیں ہے اس لئے میں خود سے ناراض ہوں۔ جولوگ مجھ سے ناراض ہوتے ہیں عرضی داخل کر دیتے ہیں۔
پروگرام میں موجود آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق نے کہا کہ کچھ لوگ ملک کو لوٹ رہے ہیں انہوں نے مذہب میں سیاسی لوگوں کی مداخلت پر کہا کہ مذہب جب سیاسی لوگوں کے ہاتھوں میں چلا جاتا ہے تو گڑبڑ ہوجاتی ہے۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سنی فرقہ مسجد، شیعہ فرقہ امامباڑہ اور ہندو مندر بنوانا بند کر کے اسکول بنوائے۔ انہوں نے کہا کہ میری ان ہی باتوں کی وجہ سے شیعہ سنی ناراض ہوتے ہیں اور ہندو بھی ناراض ہوںگے۔