نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں رکن ممالک کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر ووٹنگ ہوئی۔ جس کے دوران جنرل اسمبلی کے 119 ارکان نے قرارداد کی حمایت میں ووٹ ڈالے۔ امریکہ اور اسرائیل سمیت 8 ممالک نے قرارداد کی مخالفت کی، جبکہ 45 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ فلسطینیوں کو اقوام متحدہ ہیڈ کواٹر میں فلسطینی پرچم لہرانے کی اجازت ملنا ان کے لیے سفارتی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔ پاس کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایسی مبصر ریاستیں جو اقوام متحدہ کی رکن نہیں ہیں، ان کے پرچم ادارے کی عمارتوں کے باہر دیگر ممالک کے جھنڈوں کے ساتھ لہرائے جا سکیں گے۔ اقوام متحدہ میں فلسطین کے مبصر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ریاست کا پرچم 30 ستمبر کو اس وقت عمارت کے سامنے لہرائیں گے جب صدر محمود عباس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عالمی رہنماں سے خطاب کریں گے۔