کام مسلسل تین فلاپ فلموں ’شادی کے سائڈ ایفیکٹس،‘ ’گھن چكّر،‘ اور ’بابی جاسوس‘ کے بعد بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن کی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ ریلیز ہونے کو تیار ہے۔رواں ماہ کی
12 تاریخ کو نمائش کے لیے پیش ہونے والی اس فلم میں ان کے ساتھ عمران ہاشمی اور راج کمار راؤ نظر آئیں گے۔ اس میں وہ ایک ہوٹل میں گل فروش کا کردار ادا کر رہی ہیں اور اس کے لیے انھوں نے ایک گل فروش کے ساتھ تربیت بھی حاصل کی ہے۔بی بی سی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ودیا بالن نے بالی وڈ میں اپنے ایک دہائی کے سفر کو یاد کرتے ہوئےکہا: ’اس
سے بڑی بات کیا ہو سکتی ہے کہ میں دس جون کو انڈسٹری میں اپنے دس سال پورے کر رہی ہوں۔ اس انڈسٹری میں میرا سفر بہت اچھا رہا۔
جتنے کی امید تھی اس سے کہیں زیادہ پایا۔اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کے کئی مواقع ہاتھ آئے۔‘انھوں نے مزید کہا: ’میں بالی وڈ میں صرف ایک فلم کرنا چاہتی تھی اور فلم پرینیتا کے ساتھ بہت خوش تھی لیکن اب دس سال اور 18 فلموں کے بعد بھوک پہلے سے بہت بڑھ گئی ہے۔‘اپنے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے ودیا کہتی ہیں: ’آج میرا خاندان مجھ پر فخر کرتا ہے۔ میں کسی فلمی خاندان سے نہیں ہوں، اس لیے میرے خاندان کے لوگوں میں ایک قسم کا خوف تھا کہ لڑکی باہر جائے گی، فلموں میں کام کرے گی تو وہاں جو بھیڑیے ہوتے ہیں وہ اسے چھوڑیں گے نہیں۔ میرے خاندان والوں کے ذہن میں بالی وڈ کے بارے میں اس قسم کے خیالات تھے۔’
اسی لیے میری ماں میرے ساتھ ٹی وی سيريلز کے سیٹ پر میرے ساتھ آیا کرتی تھیں۔ لیکن جب میری ماں کو یہ احساس ہوا کہ دنیا اور ماحول کیسا بھی ہو اس سے فرق نہیں پڑتا، بس خود پر اعتماد اور اپنے کام کے متعلق لگن ضروری ہے۔‘ودیا کو ’پرینیتا،‘ ’ڈرٹي پکچر‘ اور ’کہانی‘ جیسی فلموں نے ایک نیا مقام عطا کیا ہے۔اس پر ودیا بالن کہتی ہیں کہ ’میں بہت بھوکی ایکٹریس ہوں۔ جب مجھے کوئی اچھا موقع ملے تو میں اس پر ٹوٹ پڑتی ہوں۔ میں نے یہ کبھی نہیں سوچا کہ یہ ٹپیکل ہیروئن رول نہیں ہے، یہ ایک کریکٹر رول ہے۔‘انھوں نے اس کے ساتھ یہ بھی کہا: ’یہی بات میرے لئے فائدہ مند ثابت ہوئی اور اب دوسری اداکاراؤں کے لیے بھی ہے کیونکہ اب آپ دیکھیں گے کہ بہت سی اہم اداکارائیں بھی کریکٹر رول کر رہی ہیں۔‘