ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ صلاحیتوں کے باوجود فلموں میں ہیروئنز کا انتخاب مرد اداکاروں کی مرضی سے کیا جاتا ہے۔اپنے ایک انٹر ویو کے دوران کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری میں خواتین اداکاروں سے برابری کا سلوک نہیں کیا جاتا، ایک ہیرو کو فون کیا جاتا ہے کہ کون سی اداکارہ کو فلم میں اس کے مقابل ہونا چاہیئے یا پھر ڈائریکٹر ہیرو کو آپشن دیتا ہے کہ ان میں سے کس اداکارہ کو ان کے ساتھ کام کے لئے کاسٹ کیا جائے۔ ان کے مطابق ہیروئنز کے انتخاب کا یہ انتہائی برا طریقہ ہے، اس میں ہمیشہ مرد اداکاروں کو ترجیح دی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ میں آج بھی مردوں کی اجارا داری قائم ہے، اسی معتصبانہ رویے کی وجہ سے ماضی میں بہت سے کردار مجھے نہیں مل سکے۔کنگنا رناوت نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں چند ایک ایسے لوگ موجود ہیں جو کہ اداکاراؤں کے ساتھ برابری سے کام لیتے ہیں، اس کا سب سے زیادہ کریڈٹ ہدایت کار راکیش روشن کو دیتی ہوں، اس کے علاوہ وکاس بھل، انوراگ کاشیاپ اور وکرم ادتیا موتوانے بھی خواتین سے اچھا برتاؤ کرتے ہیں۔ اگر مرد اداکاروں کی بات کی جائے تو مسٹر پرفیکٹ عامر خان خواتین کی بہت عزت کرتے ہیں، وہ بہت اچھے انسان ہیں اور خواتین اور مردوں کو برابر حقوق دینے کے حامی ہیں، بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں عامر خان اور امیتابھ بچن سے بہت متاثر ہوں۔