بولی وڈ میں فلموں کا ناکام ہونا معمول کا حصہ لیکن اداکار عمران خان گلہ کرتے ہیں کہ ہر بار اپنی فلم کی ناکامی کا سارا بوجھ انہیں کے کاندھوں پر لاد دیا جاتا ہے۔
’ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی اگین ایک بڑے نام کی فلم تھی، اس کا ہدایت کار اور اداکاربلاک بسٹر جبکہ پروڈیوسر بھی بہت بڑا تھا، لیکن اسکی ناکام کا ہار میرے گلے میں ایسے ڈالا گیا جیسے جوتوں کی مالا ہو‘۔’یہ پوری فرنچائز فلم میں سب کچھ میری موجودگی کی وجہ سے ہی فلاپ ہوا ہے‘۔اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی نئی فلم ’کٹی بٹی‘ میں پرفارمنس پر ملنے والی داد کے باوجود مطمئن نہیں ہیں۔
’اس حوالے سے مجھے بہت آگے جانا ہے۔ ایک فلم کی کامیابی پر تعریف ہونا اچھی بات ہے لیکن میں فلم انڈسٹری میں جو کرنے آیا تھا وہ بہت دور ہے‘۔
32 سالہ عمران کہتے ہیں کہ اگر ان کی کوئی فلم کامیاب ہوتی ہے تو انہیں اس کا کریڈٹ نہیں دیا جاتا۔
’میں محسوس کرتا ہوں کہ میرے کیرئیر میں جب فلمیں اچھا بزنس کریں تو مجھے سراہا نہیں جاتا۔ دیکھا جائے تو میں نے اچھی خاصی ہٹ فلمیں دیں اور وہ بھی پہلی مرتبہ ہدایت کاری کرنے والوں کے ساتھ مل کر‘۔
عمران کے مطابق وہ جانتے ہیں کہ ایک فلم میں بہترین کام کرنے کیلئے انہیں کیا کرنا چاہیے۔’میں جانتا ہوں کہ اچھا کام دکھانے کیلئے خوشگوار اور آرام دہ ماحول درکار ہوتا ہے۔ جب کسی فلم کی شوٹنگ کے دوران میں خوش نہ ہوں تو آپ اسے فلم میں محسوس کر سکتے ہیں۔ آپ کو صاف دکھائی دے گا کہ عمران پرسکون نہیں‘۔