اگر چہ کٹرینہ کیف کو بالی وڈ کی خوبصورت ترین ادکاراؤں میں شمار کیاجاتا ہے اور دیپکا پاڈوکون کی یکے بعد دیگرے ساری فلمیں کامیاب ہو رہیں ہیں تاہم پرینکا چوپڑہ نے انھیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف فلم ساز مدھور بھنڈارکر کی مجوزہ فلم ’میڈم جی‘ کے لیے موزوں ترین اداکارہ کے ایک سروے میں پرینکا چوپڑہ نے بالی وڈ کی تمام سرکردہ ادکاراؤں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جن میں کٹرینہ کیف اور ودیا بالن جیسی اداکارہ بھی شامل ہیں۔مدھور بھنڈارکر حقیقی زندگی سے قریب تر فلمیں بنانے کے لیے جانے جاتے ہیں اور انھوں نے اس ضمن میں ’فیشن‘، ’چاندنی بار‘، ’پیج تھری‘، ’ٹریفک سگنل‘ جیسی فلمیں دی ہیں۔اطلاعات کے مطابق ’چاندنی بار‘ کے ڈائرکٹر کی فلم ’میڈم جی‘ کا اسکرپٹ تیار ہے اور اس کردار کے لیے موزوں ترین اداکارہ کے لیے ایک ویب سائٹ نے ایک سروے کرایا ہے جس میں ۵۳فی صد ووٹ کے ساتھ پرینکا چوپڑہ سب سے آگے رہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ سال اچانک پرینکا چوپڑہ کی مقبولیت میں کمی کے اشارے ملنے لگے تھے اور ان کے پاس کسی بڑے بینر کی فلمیں نظر نہیں آتیں۔اطلاعات کے مطابق مدھر بھنڈارکر اپنی فلم کے لیے تین ناموں پر غور کررہے ہیں جن میں ودیا بالن، دپیکا پاڈوکون اور پرینکا چوپڑہ کا نام ہے۔ویب سائٹ بالی وڈ لائف ڈاٹ کام کے دعوے کے مطابق ’کل ۹۵۷۵میں سے ۵۱۰۸ووٹ پرینکا چوپڑہ کو ملے جبکہ قطرینہ کیف ۲۲۲۸ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں اور دیپکا پاڈوکون ۱۳۵۷ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔‘انھیں بالترتیب ۵۳، ۲۴؍ اور ۱۴ فی صد ووٹ ملے، کاجول تین فیصد کے ساتھ چوتھے جبکہ ودیابالن کو صرف ۳۱۵ووٹ ملے اور وہ پانچویں نمبر پر رہیں۔ مادھوری دیکشت دو فیصد ووٹ کے ساتھ آخری پسند ثابت ہوئیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پرینکا چوپڑہ مدھر بھنڈارکر کے ساتھ فلم ’فیشن‘ کر چکی ہیں۔اطلاعات کے مطابق ’میڈم جی‘ ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جو فلموں میں تھوڑے وقت کے لیے ہوتی ہے اور پھر وہ سیاست میں آتی ہے۔پرینکا چوپڑہ نے حال میں ایک عالمی اخبار سے انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ انھیں امریکہ میں نسل پرستی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور انھیں ’عرب دہشت گرد‘ تک کہا گیاتھا۔گذشتہ ہفتے وہ لندن میں اپنے پہلے سنگل ’آئی کانٹ میک یو لو می‘ کے لانچ کے موقعے سے موجود تھیں۔ ۲۰۰۰ ملکی عالم نے دو سال قبل موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا ہے اور اب تک تین البم ریلیز کر چکی ہیں۔وہ اپنی آنے والی فلم میں اولمپک باکسر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کردار کو ادا کرنا ’ایک بڑا چیلنج ہے بطور خاص منھ پر گھونسے کھانا۔‘