کانپور:اترپردیش میں کانپور کے براں علاقہ میں سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ‘دبنگ تھری’ میں رول دلانے کے نام پر ٹھگنے والے ایک نوجوان کو پولیس نے کل دیر رات گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے ۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ٹھگنے کے الزام میں گرفتار شخص محمد رفیق نے ، جو آبائی طورپر بھوپال کا رہنے والا ہے ، پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ کچھ وقت قبل وہ فلم اسٹار ارباز خاں کی ماں کا ڈرائیور تھالیکن اب وہ ان کی کار نہیں چلاتا۔انہوں نے بتایا کہ محمد رفیق کی جھانسی کے ہال میں کانپور کے مچھریا میں رہنے والے 17سالہ آصف سے ملاقات ہوئی تو باتوں باتوں میں اس نے بتایا کہ جلد ہی کانپور میں ‘دبنگ تھری’ کی شوٹنگ شروع ہونے والی ہے جس میں کانپور کے لوگوں کو رول مل سکتا ہے ۔
یہ سن کر آصف نے بھی اس سے فلم میں رول دلانے کے لئے کہا تو رفیق نے اس سے اس کا فون نمبر لے لیا اور کہاکہ وہ جلد ہی کانپور آئے گا اور فلم میں اسے رول دلانے کی کوشش کرے گا۔ذرائع نے بتایا کہ اس کے چند روز بعد محمد رفیق کانپور آیا جہاں آصف نے اس کی ملاقات اپنے والد نظرمحمد سے کرائی اور انہوں نے رفیق کو کانپور آٹو سروس کمیٹی کے صدر مہندر مشر سے ملایا۔
انہوں نے بتایا کہ رفیق نے مہندر کو کرا¶ڈ کلکشن اور ہوٹل منیجمنٹ کی ذمہ داری دی۔ فلم کی شوٹنگ میں نظرمحمد کو ڈرائیور کا رول ملا۔ آصف کو آفس بوائے بنایا گیا اور پندرہ ہزار روپے تنخواہ دینے کی بات کہی۔
وہ ان لوگوکی آئی ڈی اور فوٹو ساتھ میں لے گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ایک ہفتہ بعد ممبئی سے ان کے آئی کارڈ اور سہیل ۔ارباز خان فلم پروڈکشن کے لیٹر پیڈ ان کی تقرری کا خط آگیا۔ اس کے بعد رفیق نے پھر سے شہر میں آکر ان لوگوں سے پیسے مانگے تو شک ہونے پر تینوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔پولیس کے ذریعہ پوچھ گچھ کئے جانے پر سپر اسٹار سلمان خان کے بھائی اور فلم ساز ارباز خان کے ذریعہ محمد رفیق کو پہچاننے سے انکار کے بعد پولیس نے اس کے خلاف فرضی دستاویز تیار کرکے دھوکہ دہی کی دفعا ت کے تحت معاملہ درج کرلیا اور کل دیر رات اسے براں بائی پاس سے گرفتار کرکے گہرائی سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔