پاکستانی اداکار فواد خان اپنے کیریئر کو کامیابی سے آگے بڑھانے میں نہایت احتیاط سے کام لیتے ہیں اور صرف وہی اسکرپٹ قبول کرتے ہیں جو انھیں اپنے لیے مناسب لگتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اپنی جاندار اداکاری کے ذریعے بولی وڈ میں دھوم مچانے والے فواد خان کی ترجیح تعداد کے بجائے معیار ہوتی ہے۔
آج کل اس حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ فواد نے بولی وڈ اداکار سلمان خان کے بھائی ہدایت کار سہیل خان کی فلم ٹھکرا دی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسکرپٹ پسند نہ آنے پرفواد نے سہیل خان کی فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سہیل خان نے فواد سے اپنی ملاقات کی تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا، ان کا کہنا تھا: ‘ابھی میں اسکرپٹ پر کام کرنے میں مصروف ہوں، دیکھتے ہیں ابھی اس بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا’۔
دوسری جانب فواد خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ اسکرپٹس ان کے زیرِمطالعہ ہیں اور جب وہ ممبئی آئیں گے تو کچھ پروڈیوسرز سے ملاقات کریں گے۔
فواد خان ان دنوں اپنی نئی فلم “کپور اینڈ سنز” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، اس فلم میں بھی انہوں نے عالیہ بھٹ کے ساتھ بولڈ سین عکس بند کرانے سے صاف انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے فلم کا اسکرپٹ تبدیل کرنا پڑا۔